حکومت نے فعال پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ،وزیراعظم نواز شریف ،امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا، یوتھ بزنس لون سکیم سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز ہو گی،یہ ایک نیک شگون ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے باوجود موجودہ حکومت کے اقتصادی اشاریے مثبت ہیں جس کا اعتراف عالمی برادری نے بھی کیا ہے، فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

بدھ 29 جنوری 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء )وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے فعال پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ اگر ہم امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے قابل ہو جائیں تو پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ یہ ایک نیک شگون ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے باوجود موجودہ حکومت کے اقتصادی اشاریے مثبت ہیں جس کا اعتراف عالمی برادری نے بھی کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ بزنس لون سکیم سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز ہو گی کیونکہ اس سکیم سے ہزاروں نوجوان فائدہ اٹھائیں گے، اس سکیم کے لئے نوجوانوں کا جوش و خروش انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ قرضوں کا موثر اور درست استعمال کر سکیں، زیادہ تر درخواست گزاروں نے زرعی شعبے کے لئے قرضے کی درخواست کی ہے اور یہ بات پاکستان میں زرعی صنعت کی ترقی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس کا درجہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے خصوصی سہولت ہے جو اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہے لیکن جی ایس پی پلس کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو، یہ مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں ہوائی اڈے کی حالت بہتر بنانے کے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبہ کو سرکاری اور نجی شراکت کے ذریعے نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے کام میں شامل کیا جانا چاہیے، سرکاری اور نجی شعبہ کی شراکت کی بنیاد پر منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار کے دوران اہم ملکی معاملات کو نظر انداز کیا گیا، اگر سابقہ حکومتیں قومی مفاد میں فیصلے کرتیں تو آج صورتحال مختلف ہوتی، یہ بات خوش آئند ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے باوجود موجودہ حکومت کے اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں اور عالمی برادری بھی اس بات کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنے کی تیار ہے۔

فنی تعلیم کے اداروں کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افرادی قوت سے مالا مال ہے اور ہمیں اپنی افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کے لئے اسے فنی تعلیم فراہم کر کے اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ارکان قومی اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی کے معاملے پر بات کی۔ وزیراعظم نے معاملہ کا جائزہ لینے کا یقین دلایا اور کہا کہ ملک کے تمام علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی پالیسی ہے۔

ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہم نے ایک نگران کمیٹی قائم کی ہے جو ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کا تعین کر رہی ہے، ایسی سکیمیں جن سے لوگوں کو فائدہ ہو انہیں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ کے مسائل سے آگاہ ہیں اور شہر میں میٹرو بس سسٹم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔قومی اسمبلی کے ارکان نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔