بلاول بھٹو زرداری نے تاریخی تفریحی گاہ باغ ابن قاسم میں سندھ فیسٹیول کے تحت قائم شہر ثقافت کا افتتاح کردیا، فیسٹیول کے ذریعے دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد اور پرعزم ہیں،بلاول

پیر 3 فروری 2014 07:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو کراچی کے تاریخی تفریحی گاہ باغ ابن قاسم میں سندھ فیسٹیول کے تحت قائم کئے جانے والے شہر ثقافت کا افتتاح کردیا۔ اس شہر ثقافت میں سندھ کی تاریخی ورثے اور تہذیب کو اجاگر کیا گیا ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

ان اسٹالز میں سندھ کی دستکاری، ماہی گیری، دیہاتی زندگی، تعلیمی امور ، سندھ کے روایتی کھانوں، صنعتوں، روایتی سوغات، ادبی، تہذیبی کلچر کو متعارف کرایا گیا ہے۔ اس شہر ثقافت میں مصنوعی طور پر ایک رول ماڈل دیہات قائم کیا گیا ہے، جس میں روایتی طریقے سے قائم کئے جانے والے سرکنڈوں کے گھر، کنویں سے پانی نکالنا، کھانا پکانے کے انداز، اوطاق اور دیگر امور دکھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دیہات میں اصل اونٹ، گائے، بھیڑ بکریاں اور دیگر جانور بھی گھومتے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ شہر ثقافت میں کراچی کے حوالے سے بھی ایک اسٹال قائم کیا گیا ہے جس میں کراچی کی ثقافت کو متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ شہر ثقافت میں فوڈ کورٹ کے علاوہ بچوں کے لئے پلے لینڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس شہر ثقافت میں تقریبات 15 فروری تک جاری رہیں گی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ان کی دونوں بہنیں بختاور بھٹو زرداری ، آصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مشیر ثقافت سندھ شرمیلا فاروقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری وہاں موجود لوگوں میں گھل مل گئے۔ شہر ثقافت میں موجود لوگوں نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ فیسٹیول منعقد کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ فیسٹیول کا مقصد سندھ کی پانچ ہزار سال پرانی تہذیب اور ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ ہمیں اپنی تہذیب اور ثقافت پر ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ فیسٹیول کے ذریعے ہم دنیا کو یہ بتائیں گے کہ سندھ امن، محبت اور صوفیائے کرام کی دھرتی ہے۔ سندھ کا پیغام امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس فیسٹیول کے ذریعے دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ یہاں کی عوام امن پسند ہے اور دہشت گردی کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد اور پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طریقے کے فیسٹیول کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کو تفریح کے مواقع ملیں گے بلکہ روزگار کے ذرائع بھی حاصل ہوں گے۔ سندھ فیسٹیول میں روایتی اور علاقائی گیت اور رقص بھی پیش کئے گئے جبکہ دوسری جانب فریئر ہال میں آرٹ فیسٹیول کی تقریبات بھی شروع ہوگئی ہیں بلا ول بھٹو زرداری نے فیرےئر ہال میں سندھ آرٹ فیسٹول کا بھی افتتاح کیا اس نمائش میں بے نظیر بھٹو کی زندگی سے متعلق تصاویر رکھی گئی ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ آر ٹ فیسٹول کے لئے پیپلز پارٹی کے رضا کاروں نے بہت محنت کی ہے یہ عوامی فیسٹول ہے جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے ۔