دعا کرتے ہیں حکومت کے طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوجائیں، یوسف رضا گیلانی،طالبان سے قیدیوں کے تبادلے میں میرے مغوی بیٹے کا نام بھی شامل ہونا چاہیئے ، سابق وزیر اعظم

پیر 3 فروری 2014 07:52

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان کے طالبان کے ساتھ ہونے والے مزاکرات کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں اور انکی خواہش ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں طالبان کے ساتھ ہونے والے قیدیوں کے تبادلے میں انکے مغوی بیٹے کا نام بھی شامل ہونا چاہیئے جو پچھلے کافی عرصہ سے طالبان کے قبضے میں ہے ۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز موہنجو دڑو سے واپسی پر شیخ زید انٹر نیشنل ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان سے ہونے والے مذاکرات میں وزیر اعظم نواز شریف کو پیپلز پارٹی کی مکمل اخلاقی حمایت حاصل ہے انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں اس لئے نواز شریف کو چاہیئے کہ وہ عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بڑے مسائل کے باوجود موجودہ حکومت ابھی تک وزیر خارجہ کا تقرر نہیں کر سکی جس سے موجودہ حکومت کا بیرونی مسائل میں دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود بھی موجود تھے جنہوں نے سندھ فیسٹیول کے انعقاد کو پاکستانی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا