دفاع پاکستان کونسل کا حکومت ،طالبان مذاکرات کے حوالے سے اہم اجلاس آج طلب ،آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کیاجائیگا

پیر 3 فروری 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)دفاع پاکستان کونسل نے حکومت، طالبان مذاکرات کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کرلیا،آج(پیر) پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

باوثوق ذرائع کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کاحکومت اورطالبان کی جانب سے مذاکراتی ٹیموں کے اعلان ہونے کے بعدآئندہ کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے اہم اجلاس آج (پیر)اسلام آبادمیں طلب کرلیاہے،جس میں ملک میں امن واستحکام کیلئے حکومت طالبان مذاکرات کامعاملہ زیرغورآئیگا،جبکہ ملک کی مجموعی امن وامان وسیاسی صورتحال بھی زیربحث آئے گی ۔

بعدازاں دفاع پاکستان کونسل کے قائدین سرپہرتین بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اورآئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام (س)اوردفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولاناسمیع الحق ،جماعت اسلامی کے امیرسیدمنورحسن ،جماعت الدعوہ کے امیرپروفیسرحافظ سعید،اہلسنت والجمات کے سربراہ مولانااحمدلدھیانوی کی شرکت بھی متوقع ہے ۔