کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل ، اسکاٹ لینڈ نے گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو جوائن کرلیا، متحدہ عرب امارت گروپ بی میں پاکستان،بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اورآئرلینڈ کیساتھ شامل

پیر 3 فروری 2014 07:49

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی، نیوزی لینڈ میںآ ئی سی سی کوالیفائرز ٹائٹل اپنے نام کرنیوالے اسکاٹ لینڈ نے گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو جوائن کرلیا، رنر اپ متحدہ عرب امارت گروپ بی میں پاکستان،بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اورآئرلینڈ کیساتھ شامل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ برس 14 فروری سے شروع ہونیوالے 11 ویں ورلڈکپ کی میزبانی مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کررہے ہیں،29 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں75 میچز کھیلے جائینگے، 49 آسٹریلیا کے14 مختلف وینیوز پر شیڈول ہیں، 26 کی میزبانی نیوزی لینڈکریگا،افتتاحی مقابلہ کرائسٹ چرچ میں میزبان کیویز اور سری لنکاکے مابین ہونا ہے،گروپ بی میں شامل پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کیخلاف ایڈیلیڈ میں کریگی، گرین شرٹس کا دوسرا مقابلہ 21 فروری کو 2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا۔

(جاری ہے)

یکم مارچ کو 1992 کی فاتح سائیڈ کا زمبابوے سے میچ میلبورن میں شیڈول ہے۔قومی ٹیم 4 مارچ کو آخری کوالیفائر ٹیم متحدہ عرب امارات کیخلاف نیپیئر میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیگی۔7 مارچ کو پاکستان کا سامنا مضبوط حریف جنوبی افریقہ سے ایڈن پارک آکلینڈ میں ہونا ہے، گرین شرٹس آخری پول میچ میں 15 مارچ کوایڈیلیڈ میں آئرلینڈ سے سامناکرینگے،گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں پولز کی ٹاپ فور ٹیمیں کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیں گی جو 18 سے 21 مارچ تک ہونگے۔ پہلا سیمی فائنل 24 اور دوسرا26 مارچ کو کھیلا جائیگا۔29 مارچ کو فیصلہ کن معرکہ میلبورن میں ہوگا۔