عراق : مختلف بم دھماکوں میں 10افراد ہلاک ،30زخمی ، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ، عراقی فورسز کی صوبہ الانبار میں کارروائی،57 جنگجو ہلاک

منگل 4 فروری 2014 07:42

بغداد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) عراق میں مختلف بم دھماکوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک ،30زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ محمودیہ میں مقامی کونسل کی عمارت کے نزدیک ایک کار بم دھماکہ ہوا جس میں 6افراد ہلاک جبکہ 15زخمی ہوگئے ۔ جوریہ ضلع میں بھی کار بم دھماکہ ہوا جس میں 4 افراد ہلاک جبکہ 11 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ادھرعراقی فوج اور اس کے اتحادی مسلح قبائلیوں نے مغربی صوبہ الانبار میں جھڑپوں کے دوران القاعدہ سے وابستہ ستاون اسلامی جنگجووٴں کو ہلاک کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ا دارے کے مطابق عراق کی وزارت دفاع نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے زیادہ تر صوبائی دارالحکومت رمادی کے نواح میں مارے گئے ہیں لیکن بیان میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

وزارت دفاع کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔القاعدہ سے وابستہ تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) نے دسمبر کے آخر سے صوبے کے دارالحکومت رمادی اور فلوجہ میں مکمل کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔عراقی فورسز مقامی قبائل کی مدد سے ان شہروں کا کنٹرول واپس لینے کی کوشش کررہی ہیں اور ان کے درمیان آئے دن خونریز جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔

درایں اثناء دارالحکومت بغداد میں پے درپے بم حملوں اور کار بم دھماکوں میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں سے آٹھ افراد شہر کے علاقوں بلدیات اور الحریہ میں بم دھماکوں میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ شہر کے ایک مغربی علاقے سے تشدد زدہ چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ان میں ایک عورت کی لاش بھی شامل ہے۔ان افراد کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :