151بھارتی ماہی گیرواہگہ پربھارتی حکام کے حوالے کردئیے گئے

منگل 27 مئی 2014 08:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء )ایک سو اکیاون بھارتی ماہی گیروں کو رہائی کے بعد پیر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ان ماہی گیروں کو پاکستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔نامزد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں حکومت پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

بی جے پی کے رہنما ایم جے اکبر نے اس فیصلے کو ایک اچھی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کا یہ فیصلہ ہمیں یاددہانی کراتا ہے کہ محاذ آرائی کی بجائے امن کا قیام ہمیشہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کا معاملہ ایک انسانی معاملہ ہے جس سے اسی جذبے کے ساتھ نمٹا جانا چاہئے۔اعدادوشمار کے مطابق ایک سو اڑسٹھ ماہی گیروں سمیت پانچ سو اکیس پاکستانی قیدی مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارت سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کو جلد رہا کردے گا۔