مزدوروں، محنت کشوں اور غریب عوام کے مسائل کے حل کے لیے جاگیر داروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے ،سراج الحق ،غربت اور بدحالی کے شکار عوام کے دکھوں کا مداوا، سرمایہ دارانہ اورجاگیر دارانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ممکن نہیں، اجلاس سے خطاب

منگل 27 مئی 2014 07:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مزدوروں، محنت کشوں اور غریب عوام کے مسائل کے حل کے لیے جاگیر داروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے ،غربت اور بدحالی کے شکار عوام کے دکھوں کا مداوا، سرمایہ دارانہ اورجاگیر دارانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ممکن نہیں۔این ایل ایف نے مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے لیے مثالی جدوجہد کی ہے لیکن ابھی کرنے کا بہت کام باقی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے ادارہ نو ر حق میں نیشنل لیبر فیڈریشن اور اس سے ملحق یونینز اورٹریڈیونین کے عہدید اروں اور ذمہ داروں کے ایک اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہماری حکومت اور پارلیمنٹ جاگیر داروں اورسرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے ، 95فیصد وسائل پر ان ہی کا قبضہ ہے ،غریبو ں کے لیے علاج اورتعلیم کا کوئی انتظام نہیں ہے ،کارخانوں ،فیکٹریوں اور دیگر اداروں میں مزدورو ں اورغریب ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این ایل ایف نے ہمیشہ اور ہر دور میں مزدور وں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ اس جدوجہد اورمزدور دوست تحریک کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے اوراپنے کام کے اندر وسعت پید ا کرنے کی ضرورت ہے ، ظالمانہ نظام کے خلاف منبرومحراب سے اورسیاسی وعوامی سطح پر بھی بھر پو ر آواز اْٹھا نے کی ضرورت ہے۔ پی آئی اے ،اسٹیل ملز اور دیگر اداروں میں اپنی دعوت اور تنظیم کو مستحکم اوروسیع کیا جانا چاہیے جماعت اسلامی پی آئی اے ،پاکستان اسٹیل اورقومی اداروں کی نجکاری کے خلاف، محنت کشوں کے ساتھ ہے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے وفود کے ہمراہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں دونوں رہنما ؤں ان کے جواں سالہ بیٹے کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ سراج الحق اور حافظ محمد سعید کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جو غم کی اس گھڑی میں ہمارے دکھ درد میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :