خیبرپختونخوا حکومت اگلے ہفتے منرل پالیسی کا اعلان کرے گی، پرویز خٹک ، 18ویں آئینی ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے بعد ملک کی پہلی معدنی پالیسی ہو گی، اس لحاظ سے خیبر پختونخوا دوسرے صوبوں پر سبقت پالے گا،وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس

منگل 27 مئی 2014 07:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)خیبرپختونخوا کی حکومت اگلے ہفتے منرل پالیسی کا اعلان کرے گی جو 18ویں آئینی ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے بعد ملک کی پہلی معدنی پالیسی ہو گی اور اس لحاظ سے خیبر پختونخوا دوسرے صوبوں پر سبقت پالے گا اس کا انکشاف وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر سربراہی سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں معدنیات سے حکمت عملی اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام سے متعلق اجلاس میں ہوا جس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے معاشی امور رفاقت اللہ بابر،قائمقام سیکرٹری معدنیات غضنفرکاظمی اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اشفاق خان نے شرکت کی اور معدنی پالیسی و حکمت عملی کے علاوہ صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اوران سے سائنسی خطوط پر استفادے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے وزیراعلیٰ نے معدنی پالیسی کا ایکٹ انکی دی گئی 30جون کی ڈیڈ لائن سے کافی پہلے تیار کرنے اور صوبے بھر میں غیر قانونی کان کنی کی موثر روک تھام پر محکمہ معدنی ترقی اور اسکے نگراں وزیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ صوبے کی اس قیمتی دولت کا ضیاع روکنے اور ان سے قرار واقعی استفادے کیلئے شبانہ روز کوششیں پورے مشنر ی جذبے سے جاری رکھی جائیں گی پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام معدنی ذخائر کا ڈیٹا اور شرائط انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع سے قومی و بین الاقوامی سطح پر مشتہر کیا جائے تا کہ یہاں معدنی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کو فروغ ملے انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مراعات دی جائیں گی جس کی بدولت معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہو گا اس موقع پر وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی نے بتایا کہ محکمہ کی مانیٹرنگ ٹیم کی دن رات محنت اور جدوجہد کی بدولت نہ صرف معدنیات کی غیر قانونی کان کنی کا مکمل طور پر خاتمہ ہو گیا ہے بلکہ ٹیم کی نشاندہی اور کاروائیوں کے نتیجے میں ٹھیکیداروں اور کمپنیوں سے کروڑوں روپے کی ریکوری بھی شروع ہو گی پرویز خٹک نے مانیٹرنگ ٹیم کی حسن کارکردگی پر اس کیلئے پچاس ہزار روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا اور نئے بجٹ میں جدید سائنسی سہولیات کے ساتھ مستقل ٹیم تشکیل دینے کی منظوری دی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت جزاء و سزا کے اصول پر عوام اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچانے والوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی تا ہم عوامی مفاد کو نقصان پہنچانے اور کرپشن و بدعنوانی کے راستے ڈھونڈنے والوں کی سخت ترین سرزنش کرے گی اور انہیں آئندہ کیلئے بھی نشان عبرت بنایا جائے گا وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ نئی معدنی پالیسی میں سابقہ تمام خامیوں کو دور کیا گیا ہے جنکی آڑ لیکر ماضی میں مختلف حیلے بہانوں سے قیمتی معدنیات کو غیر قانونی طور پر صوبے سے باہر منتقل کیا گیا اور صوبے کے عوام کو انکے فوائد سے محروم رکھا گیاجبکہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ یہ مکروہ دھندہ حکمرانوں اور اعلیٰ حکام کی ناک کے نیچے بلکہ سرپرستی میں ہوتا رہا ایک طرف معدنیات کی تلاش کے بلند بانگ دعوے ہوتے رہے مگر دوسری طرف یہاں بھی کر پشن اور چوریاں عروج پر تھیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا اب سب کچھ قاعدہ ، قانون اور عوامی مفاد کے مطابق ہو گا اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں میں موجود معدنی ذخائرکی نشاندہی اور انکی سائنسی خطوط پر تلاش اور استفادے کی جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں صوبے میں کوئلے کے ذخائر کی تفصیلی فزیبلٹی تیار کرنے اور اس مقصد کیلئے جدید سٹیلائٹ ٹیکنالوجی سے استفادے کا فیصلہ بھی کیا گیاحکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ محکمہ معدنیات کی کمپوٹرائزیشن اور منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے علاوہ مختلف اقسام کی معدنیات کی نشاندہی کیلئے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس)کی تیاری بھی آخری مراحل میں ہے جس کی بدولت معدنیات اور کان کنی سے متعلق تمام امور انتہائی آسان اور منظم بن جائیں گے اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو معدنی شعبے میں تمام اہداف ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرنے کا یقین دلایا گیا۔

متعلقہ عنوان :