بھارت‘ دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم‘ چالیس افراد ہلاک‘ ایک سو سے زائد زخمی‘ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ‘ نریندر مودی کا ہلاک و زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت

منگل 27 مئی 2014 07:59

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء) بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسافر ٹرین اور مال بردار گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم چالیس افراد ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے بھارتی خبرساں ادارے کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع سنت کبیر نگر میں چریڑ ریلوے اسٹیشن پر دہلی سے گورکھپور جانے والی گورکھ دھم ایکسپریس پلیٹ فارم پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

جس سے ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں، حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک جبکہ 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارت کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا: ’گھورکھ دھام ایکسپریس ٹرین حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے میرا اظہار تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائیں ہیں۔ لکھنوٴ میں موجود سینئر صحافی اتل چندرا کو شمال مشرقی ریلوے کے ترجمان آلوک کمار سنگھ نے بتایا کہ گوریھ دھام ایکسپریس کے چار جنرل ڈبے، ایک ایس ایل آر اور ایک اے سی کوچ پٹری سے اتر گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے مقام پر امدادی کام کے لیے ایک خصوصی ٹرین بھیجی گئی ۔

شمال مشرقی ریلوے کے جنرل منیجر سمیت تمام اعلی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی اور بچاوٴ مہم میں حصہ لیا۔ انھوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو خلیل آباد کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارت میں ٹرین حادثے عام ہیں گذشتہ سال ریاست بہار میں راج رانی ٹرین حادثے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :