بلوچستان میں پولیو کے خلاف کامیاب مہم کی بدولت 2014میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ،چیف سیکرٹری بابر یعقوب فتح محمد

منگل 27 مئی 2014 07:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو کے خلاف کامیاب مہم کی بدولت 2014میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا روان سال میں پولیو کی شرح زیرولیول آگئی جو حوصلہ افزاء اور قابل تحسین ہے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے حکومت بلوچستان اور پولیو کے خلاف مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں اور تنظیموں کی کارکردگی کو سراہاجانا چاہئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو مہم کے حوالے سے اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2011 میں بلوچستان دنیا کا وہ ریجن تھا جہاں پولیو کی شرح سب سے بلند تھی اور عالمی اداروں کو تشویش لاحق تھی حکومتی اور سماجی سطح پر اس ضمن میں انتھک کوششیں کی گئیں جو بارآور ثابت ہوئیں بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں اور بکھری ہوئی آبادی میں نامساعد حالات کے باوجود پولیو کی مہم کامیابی سے چلائی گئی اور اس مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کے سربراہ اور ممبران کی کارکردگی قابل داد و تحسین ہے گذشتہ دو سالوں کے دوران پولیو جیسے موذی مرض کی تشویشناک شرح کو زیرولیول لانا ایک بڑی کامیابی ہے جوصوبائی حکومت کی مشینری صحت کے اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی موثر کارکردگی کا ثبوت ہے عالمی برادری کی جانب سے کامیاب پولیومہم پر ہماری محنت اور لگن کا اعتراف کیا جانا چاہئے تاکہ اس مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں اور اداروں کے سربراہان اور ممبران کی حوصلہ افزائی اور آئندہ اس مہم کو مزید موثر بنانے کیلئے ان کے حوصلے بلند ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ، تربت اور گوادر ائرپورٹس پریکم جون سے مسافروں کو بیرون ملک روانگی سے قبل پولیو ویکسین پلوائی جائے گی جس کیلئے ائرپورٹ کی حدود میں ٹرانزٹ پوائنٹس پر محکمہ صحت کا عملہ تعینات ہوگا قطرے پلوانے کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو بیرون ملک پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات عبدالله جان ، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ محمد نسیم لہڑی، سیکرٹری صحت، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے و فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر مسعود جوگیزئی ایڈیشنل سیکرٹری ٹو چیف سیکرٹری عبدالواحد کاکڑ اور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :