وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات اور سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق عوامی شکایات کا سخت نوٹس ، ہسپتال انتظامیہ کو 24گھنٹے کے اندر صورتحال بہتربنانے بصورت دیگر تادیبی کاروائی کیلئے تیار رہنے کی وارننگ

منگل 27 مئی 2014 07:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات اور سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو 24گھنٹے کے اندر صورتحال بہتربنانے بصورت دیگر تادیبی کاروائی کیلئے تیار رہنے کی وارننگ دیدی ہے پیر کی شام ایم پی اے شاہ محمد خان کی بیمار پرسی کے بعد وزیر اعلیٰ ہسپتال سے باہر آئے تو وہاں موجود مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کے پاس چلے گئے اُن میں گھل مل گئے اور اُن کے مسائل دریافت کئے جس پر کئی تیمار داروں نے ہسپتال کے عملے کے رویئے اور سہولیات کے فقدان سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیئے جنمیں ادویات کی کمی، واش رومز میں اندھیرے اور انتظار گاہوں کی ناقص حالت شامل تھے وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو عنایت روغانی کو صورتحال کی فوری بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر کوششوں پر ہسپتال کی انتظامیہ اور عملہ پانی پھیر دیتا ہے اگر عملے کا رویہ ٹھیک نہیں اور صوبے کے بڑے ہسپتال میں مفت ادویات نہیں تو ہسپتال کے دو بڑے انتظامی سربراہ کس مرض کی دوا ہیں اور حکومت کیونکر ان سہولیات کیلئے خزانہ لٹا رہی ہے پرویز خٹک نے ہسپتال کے تمام اعلیٰ و زیریں عملے کوشناختی یونیفارم پہننے کی سخت تاکید کرتے ہوئے محکمہ انتظامیہ کو اس بارے میں فوری نو ٹیفکیشن جاری کرنے اور ہر جگہ یونیفارم پہننے کی سختی سے پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ یونیفارم اور نام کے بیج کی بدولت نفاست کے علاوہ لوگ عملے کی بہتر خراب کارکردگی اور رویوں کی جانچ با آسانی کر سکیں اُنہوں نے وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو عام شہری کی حیثیت سے دن اور رات کے مختلف اوقات میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کے دورے کرنے اور وہاں کی کارکردگی کی جانچ کرکے اسے بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ خود بھی عوام سے قریبی رابطے میں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :