آسٹریلوی وزیر اعظم کی فرانسیسی صدر سے ملاقات ،دونوں ملکوں کا تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ

پیر 9 جون 2014 07:41

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)آسٹریلیا اور فرانس نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعاد ہ کیا ہے۔یہ اعاد ہ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ کی ڈی ڈے تقریبات کے بعد الیسی محل میں فرانسیسی صدر فرانسواولاند کے ساتھ ملاقات میں کیا گیا ۔فرانسیسی صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اولاند نے ایبٹ کا6جون کی تقریبات میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور نارمینڈی کی جنگ میں اتحادیوں کے ساتھ شامل ہونے والے آسٹریلوی فوجیوں کے کردار کو سراہا۔

اولاند نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کینبرا اور پیرس کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری معاہدے پر دستخط کے بعد دوسالوں میں دوطرفہ تعلقات متحرک ہوئے ہیں۔فرانسیسی رہنما نے کہا کہ وہ ان تعلقات کو خاص طور پر اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

اولاند نے کہا کہ نومبر میں برسبین میں ہونے والے جی20اجلاس کیلئے یہ ضروری ہے کہ عالمی پیداوار اور پیرس میں آئندہ سال کے آخر میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس سے قبل گلوبل وارمنگ کیخلاف جنگ مذاکرات کے ایجنڈے میں سرفہرست ہو۔

الیسی محل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی رہنما نے ایبٹ کا یوکرائن کے معاملے پر اظہار یکجہتی اور مالی اور وسطی افریقن جمہوریہ میں فرانس کی کوششوں کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ایبٹ20سربراہان مملکت اور حکومت میں شامل تھے جنہوں نے جمعہ کے روز نارمینڈی میں ڈی ڈے لینڈنگز کی 70ویں سالگرہ تقریبات میں شرکت کی۔