عالمی نمبر ایک سپین کے رافیل نڈال ریکارڈ نویں فرنچ اوپن کے فاتح،خواتین کا ٹائٹل ماریا شیرا پووا کے نام رہا

پیر 9 جون 2014 07:30

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال نے سربیا کے نوواک جوکووچ کو شکست دے کر فرنچ اوپن ٹائٹل نویں بار اپنے نام کر لیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ سب سے زیادہ مرتبہ کوئی ایک گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔اس فتح کے ساتھ ہی 28 سالہ کھلاڑی لگاتار پانچ فرنچ اوپن جیتنے والے ٹینس کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے جہاں ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اب تک کھیلے گئے 67 میچز میں سے صرف ایک بار انہیں شکست ہوئی جبکہ 66 مقابلوں میں فتح نے ان کے قدم چومے۔

رولینڈ گیرس میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کلے کورٹ کے شہنشاہ نڈال نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے پہلے سیٹ میں ناکامی کے باوجود چوتھے سیٹ میں ہی کامیابی حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

میچ کے پہلے سیٹ میں جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کیا اور ٹائی بریکر پر کامیابی کے بعد پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا۔دوسرے سیٹ میں شائقین کو انتہائی شاندار کھیل دیکھنے کو ملا جہاں دونوں کھلاڑیوں نے سبقت لے جانے کی بھرپور کوشش کی۔

نڈال نے ٹائی بریکر پوائنٹ اپنے نام کیا لیکن جوکووچ نے ہمت نہ ہاری اور فوراً ہی بدلہ لیتے ہوئے نڈال کی سروس پر پوائنٹ اٹھا لیا لیکن اس موقع پر نڈال نے اپنے حواس پر قابع رکھتے ہوئے لگاتار دو پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے دوسرا سیٹ سخت مقابلے بعد 5-7 سے جیت لیا۔کھیل کے تیسرے سیٹ میں نڈال بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے لگاتار پوائنٹس جیت کر سیٹ پر گرفت مضبوط کر لی اور تیسرا سیٹ باآسانی 2-6 سے جیت کر میچ میں دو صفر کی برتی حاصل کر لی۔

تین گھنٹے 31 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ کے چوتھے سیٹ کا آغاز بھی انتہائی سنسنی خیز انداز میں ہوا جہاں ابتدائی سروسوں پر دونوں کھلاڑیوں نے پوائنٹ اٹھائے۔تاہم کیریئر کا 20واں گرینڈ سلیم فائنل مقابلہ کھیلے والے نڈال کے عزائم ہی کچھ اور تھے جنہوں نے جوکووچ کی جانب سے غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور چوتھا سیٹ 4-6 سے جیت کر کیریئر کا 14واں گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

گزشتہ دس سال میں نڈال نے نویں مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔کیریئر کا 14واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ہی ہسپانوی کھلاڑی امریکا کے پیٹ سمپراس کے ہمراہ سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر سترہ گرینڈ سلم ٹائٹلز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔دوسری جانب روسی حسینہ ماریا شیراپووا نے رومانیہ کی سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ویمن سنگل ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

پیرس میں کھیلے گئے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرینچ اوپن ٹینس کے فائنل میں ماریا شیراپووا کو کامیابی کے لئے سخت مقابلہ کرنا پڑا۔پہلے سیٹ میں روسی اسٹار نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور رومانوی حریف کو 6-4 شکست دے کر میچ میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔دوسرے سیٹ میں بھی ماریہ کے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رہا اور ایک موقع پر انہیں سیٹ میں برتری بھی حاصل تھی لیکن اس دوران چوتھی سیڈ کھلاڑی سیمونا نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور ٹائی بریکر پر مقابلہ 6-7 سے اپنے نام کر لیا۔

ایونٹ کا تیسرا سیٹ بھی مقابلے سے بھرپور رہا جہاں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی بھرپور کوشش کی۔ایک موقع پر میچ کے تیسرے اور آخری سیٹ میں مقابلہ 4-4 سے برابر تھا تاہم شیراپووا نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 6-4 سے کامیابی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ فرنچ اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔رولینڈ کیروس میں تین گھنٹے دو منٹ تک جاری رہنے والا یہ میچ فرنچ اوپن کے ویمنز ایونٹ کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین فائنل ہے جہاں اس سے قبل سب سے طویل مقابلہ اسی کورٹ میں 1996 میں ہوا تھا۔

ماریا کی جیت کا اسکور 6-4، 5-7 اور 6-4 رہا۔یہ شیراپووا کے کیریئر کا دوسرا فرنچ اوپن ٹائٹل ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 2012 میں فرنچ اوپن اپنے نام کیا تھا۔روسی اسٹار کھلاڑی کو 2004 ومبلڈن، 2006 کا یو ایس اوپن اور 2008 کا آسٹریلین اوپن تائٹل جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :