گرینڈ الائنس کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے اپوزیشن ارکان کو بھاری ترقیاتی فنڈز جاری کرنے اور مراعات دینے پر غور شروع،وزیر خزانہ کو مختلف مدات میں فنڈز کا جائزہ لینے کی ہدایت

پیر 9 جون 2014 07:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کے گرینڈ الائنس کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی بھاری ترقیاتی فنڈز جاری کرنے اور مراعات دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مختلف مدات میں فنڈز کا جائزہ لیں اور اپوزیشن ارکان کو ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ ترجیح دی جائے ۔

آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر واضح کیا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے جہاں سے بھی فنڈز پیدا کرنا پڑیں کیا جائے اور اپوزیشن ارکان کی ہر ڈیمانڈ کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے سماجی اور فلاحی پروگراموں میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو بھی حکومت کے شانہ بشانہ رکھا جائے اور اس مقصد کے لئے بنائی جانے والی کمیٹیوں اور بورڈز میں بھی ان کو بھر پور نمائندگی دی جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بجٹ کی منظوری کے بعد قلت مدات میں فنڈز کے حصول کا جائزہ لئے جانے کا امکان ہے اس کے بعد وہ وزیر اعظم نوازشریف کو حتمی رپورٹ دیں گے جس پر وزیر اعظم نواز شریف مختلف اپوزیشن جماعتوں اور اراکین کے لئے ترقیاتی فنڈز کے اجراء بارے حتمی فیصلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :