کرسٹیانو رونالڈو کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی، گھٹنے کی چوٹ کے باعث دو وارم اپ میچوں میں حصہ نہیں لے سکے

پیر 9 جون 2014 07:30

لزبن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)دنیا کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈ گھٹنے کی چوٹ کے باعث دو وارم اپ میچوں میں حصہ نہیں لے سکے ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت مشکوک ہو رہی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پرتگال کی فٹبال انتظامیہ نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ کرسچیانو رونالڈو زخمی ہیں جس کے بعد 29 سالہ پرتگالی سٹرائیکر میکسیکو کے خلاف وارم اپ میچ میں شریک نہیں ہوسکے۔

رونالڈو کی گھٹنے کی چوٹ نے انھیں گزشتہ ہفتے یونان کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی شرکت نہیں کرنے دی۔ پرتگالی فٹبال انتظامیہ کے مطابق رونالڈو کے لیے خاص طور پر الگ قسم کے ٹریننگ سیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔فیفا کی طرف سے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے رونالڈو کوگزشتہ سیزن سے معمولی فٹنس مسائل کا سامنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ان مسائل کے باوجود رونالڈو نے اپنے کلب ریال میڈرڈ کی طرف سے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔

بی بی سی کے صحت اور سائنس کے نامہ نگار جیمس گیلیگر نیاس بارے میں بتایا کہ انسانی جسم میں ٹینڈین پٹھوں کو ہڈیوں سے جورتا ہے اور یہی ٹینڈن کھیلوں میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی عام وجہ ہے۔ گیلیگر نے بتایا کہ اس زخم کا واحد علاج آرام ہے۔ورلڈ کپ میں پرتگالی ٹیم کی کارکردگی کا دارومدار بڑی حد تک کرسٹیانو رونالڈو پر ہے۔اس بات کا اندازہ رونالڈو کی ورلڈکپ کوالیفائینگ راوٴنڈ میں سوئیڈن کے خلاف میچ سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس میں انھوں نے اکیلے پرتگال کو فتح دلوائی جس کی بنیاد پر پرتگال ورلڈ کپ کھیلنے کا اہل ہوا۔

اس کے علاوہ رونالڈو کی پچھلے سیزن میں ریال میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے۔ اس سیزن میں انھوں نے 55 گول کیے ہیں۔یاد رہے کہ پرتگال کا پہلا میچ صرف نو دن بعد جرمنی کے خلاف ہے اور پرتگال کے گروپ میں جرمنی کے علاوہ گھانا اور امریکہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ رونالڈو کے ورلڈکپ کھیلنے کی بارے میں شکوک میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ان کا نہ کھیلنا نہ صرف پرتگال کے لیے بلکہ ان کے مداحوں کے لیے بھی ایک بہت بڑا دھچکا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :