ڈی سی اوفیصل آباد کے گرفتار گن مین عمران کے ڈی سی اوز کے نام پرکروڑوں روپے کرپشن میں ملوث دواعلیٰ افسرا کو اوایس ڈی بنا دیا گیا، بعض اسسٹنٹ کمشنرز تبدیل

پیر 9 جون 2014 07:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)ڈی سی اوفیصل آباد کے گرفتار گن مین عمران کے فیصل آباد میں تعینات مختلف ڈی سی اوز کے نام پرکروڑوں روپے کرپشن میں ملوث دواعلیٰ افسران ایڈیشنل کلکٹر ریونیو میاں محمد آصف اوراسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عامر شہزاد کنگ کو اوایس ڈی بنانے کے علاوہ بعض اسسٹنٹ کمشنروں کو تبدیل کردیا گیا جبکہ ڈی سی اوفیصل آبادنورالامین مینگل نے اپنے پی اے مرید حسین کا بھی فوری تبادلہ کردیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار عمران کانسٹیبل نے اب تک جو انکشافات کئے ہیں اس کے مطابق فیصل آباد میں تعینات رہنے والے تین ڈی سی او کے علاوہ ڈی سی اوآفس میں تعینات بعض افسران اورکی ماہانہ بھتہ وصول کرتے تھے اوریہ بھتہ ہر ماہ تیس سے چالیس لاکھ روپے ضلع کے مختلف افسران جن میں محکمہ ریونیو کے تحصیلداران،نائب تحصیلداران،اسسٹنٹ کمشنر،ایڈیشنل کلکٹر کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں جن میں بلڈنگ،محکمہ صحت،ایجوکیشن،ورکس اینڈ سروسزاورٹاؤن میونسپل آفس وغیرہ شامل تھے ان سے ڈی سی او کے نام پررشوت وصول کرتا تھا جبکہ رشوت دینے والے افسران اپنے ماتحتوں کے علاوہ رجسٹری برانچ اورسرکاری کاموں کے تعمیراتی ٹھیکیداروں دیگر غیرقانونی ذرائع سے رقم اکٹھی کرکے گن مین کانسٹیبل عمران کو دیتے تھے جوبعدازاں مبینہ طور پرفیصل آباد میں تعینات مختلف ڈی سی اوزکو پہنچاتا تھا اب تک کی اطلاع کے مطابق کروڑوں روپے کی یہ رقم اینٹی کرپشن اوردیگر تحقیقاتی ادارے جو اس سکینڈل کی تفتیش کررہے ہیں برآمد نہ کرسکے ۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا ہے کہ اس سکینڈل میں صرف نچلے افسران ملوث ہیں جبکہ کانسٹیبل گن مین عمران نے ڈی سی اوآفس میں تعیناتی کے دوران کروڑوں روپے کی ملکیتی جائیداد خریدی۔خبر رساں ادارے کو بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت کی اعلیٰ قیادت نے اس سکینڈل کا دائرہ کار وسیع کرنے کی بجائے اسے سمیٹنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ بیوروکریسی میں بڑھتی ہوئی بے چینی کو ختم کیا جاسکے کیونکہ سکینڈل میں 6کے قریب فیڈرل گورنمنٹ کے سی ایس پی افسران بھی ملوث پائے جارہے ہیں۔

اس سکینڈل کے منظر عام پر آنے سے فیصل آباد میں تعینات سابق اورموجودہ افسروں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے۔قبل ازیں لاکھوں روپے کرپشن میں ملوث ای ڈی اوایجوکیشن صہیب عمران جن کا فیصل آباد سے تبادلہ ہوچکا ہے کے علاوہ ای ڈی اوایجوکیشن شاہدہ سہیل کے خلاف بھی اینٹی کرپشن میں کرپشن کا مقدمہ زیر تفتیش ہے اورای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹرقمرکے خلاف بھی انکوائری جاری ہے جبکہ بعض تحصیلداران ،رجسٹری محرر اورپٹواریوں کے خلاف بھی کرپشن کے مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :