فیفا ورلڈ کپ 2014ء گروپ میچز : ارجنٹائن، فرانس اور سوئٹزرلینڈ نے مخالف ٹیموں کو ہرا کر پنے اپنے میچ جیت لیے، ارجنٹائن نے ٹورنامنٹ میں پہلی بار کوالیفائی کرنے والی بوسنیا ہرزیگووینا کو2-1سے شکست دی ،گروپ ای میں شامل فرانس نے ہنڈوراس کو تین صفر جبکہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم ایکوڈور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی

منگل 17 جون 2014 07:57

ساوٴ پاوٴلو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں ارجنٹائن، فرانس اور سوئٹزرلینڈ نے مخالف ٹیموں کو ہرا کر پنے اپنے میچ جیت لیے۔ گزشتہ روز میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیم ارجنٹینا کا مقابلہ ٹورنامنٹ میں پہلی بار کوالیفائی کرنے والی بوسنیا ہرزیگووینا سے تھا۔ میچ سے قبل ارجنٹینا کی شاندار فتح کی پیش گوئی کی جارہی تھی لیکن بوسنیا ہرزوگوینا نے اپنے کھیل اور جذبے سے مبصرین اور ناقدین کو بہت متاثر کیا۔

میچ کے ابتدا میں ہی ارجنٹینا نے بوسنیا ہرزوگوینا کے گول پر پے در پے حملے کئے اور ارجنٹینا کو ’اون‘ گول کی وجہ سے برتری حاصل ہو گئی۔ جس کے بعد بوسنیا نے اچھے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا اور میسی اور اگویرو جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کو ناکارہ بنادیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دوسری جانب بوسنیا ہرزوگوینا کی جانب سے بھی ارجنٹینا کے گول پر بار بار حملے کئے گئے جسے ارجنٹینا کے گول کیپر نے اپنے تجربے کی بدولت ناکام بنایا۔

دوسرے ہاف میں کھیل کا پانسہ مکمل طور پر ارجنٹینا کے ہاتھ میں رہا اور جب لیونل میسی کی جانب سے ارجنٹینا کے لئے دوسرا گول کیا گیا تو جیسے بوسنیا کی شکست پر مہر ثبت ہوگئی لیکن بوسنیا کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور میچ کے آخری وقت میں گول کرکے برتری کو کم کردیا اور اس طرح ارجنٹینا نے مشکل مقابلے کے بعد بوسنیا ہرزوگوینا کو 1-2 سے ہرا دیا۔برازیل کے شہر پورٹو ایلگری میں گروپ ای میں شامل فرانس نے ہنڈوراس کو تین صفر سے ہرایا، فرانس کی جانب سے کریم بینزیمانے 2گول اسکور کئے جبکہ ایک اون گول ہوا۔ اس کے علاوہ گروپ ای کے ہی دوسرے مقابلے میں میچ میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم ایکوڈور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دینے میں کامیاب ہو گئی۔