حکومت ملک میں آئل وگیس کی تلاش کیلئے محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے،نواز شریف،مقامی گیس کی سپلائی ہماری انرجی مکس پالیسی کا اہم جزو اور معیشت کا اہم ستون ہے،مقامی گیس سے زرمبادلہ کے اربوں ڈالر کی بچت ہوتی ہے،وزیراعظم کا مہرگیس پروسینگ پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال

منگل 17 جون 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں آئل وگیس کی تلاش کیلئے محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے،مقامی گیس کی سپلائی ہماری انرجی مکس پالیسی کا اہم جزو اور معیشت کا اہم ستون ہے،مقامی گیس سے زرمبادلہ کے اربوں ڈالرز کی بچت ہوتی ہے،اس کا حصہ انرجی مکس میں 50فیصد ہے،مجھے خوشی ہے کہ اس سال کے آخر تک پاکستان ایک لاکھ بیرل آئل روزانہ کی پیداوار حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز مہر گیس پروسینگ پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا،یہ پلانٹ روزانہ30 ملین کیوبک فٹ گیس اور3300بیرل آئل پیدا کرے گا،افتتاح کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف،وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی،او وی ایم کے بورڈ ممبر جاپ جھکس، مشرق وسطیٰ کے سینئر نائب صدر ارون کرول اور آسٹریا کے سفیر الیکس ویلج بھی موجود تھے،وزیراعظم نے او وی ایم کی ٹیم کی تعریف کی اور اور ان کے مشترکہ پارٹنرز جی ایچ پی ایل،او پی ایل اور زیور پٹرولیم کی مہر گیس پلانٹ کی کامیاب تکمیل کیلئے ان کی سخت محنت اور عزم کی تعریف کی،وزیراعظم نے کہا کہ یہ حوصلہ افزاء بات ہے کہ او وی ایم1990ء سے پاکستان کے آئل وگیس کے شعبہ میں کام کر رہی ہے،انہوں نے او وی ایم کی اپنے کام کے علاقوں کے اردگرد علاقے کے لوگوں کے لئے تعلیم وصحت اور ترقیاتی سکیموں کے اقدامات کی بھی تعریف کی،ان سکیموں سے مہر کے علاقے کی آبادی کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے،وزیراعظم نے کہا کہ ہم او وی ایم اور دوسری بین الاقوامی کمپنیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہماری کاروباری دوستانہ پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں،اس سے پہلے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ مہر گیس پلانٹ کے دوسرے فیز سے گیس کی پیداوار 80ملین کیوبک فٹ اور آئل کی پیداوار 8800بیرل یومیہ تک اضافہ ہوجائے گا،ایل پی جی کی پیداوار170 ٹن یومیہ ہوگی اور مہرگیس فیلڈ کے دونوں فیزز کی لاگت440ملین ڈالر تک ہوگی۔