فٹبال ورلڈ کپ کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کا قلعہ مسمار کردیا

منگل 17 جون 2014 07:57

سلواڈور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء)فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ ”جی“ کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

برازیل کے شہر سلواڈور میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا سے ہی جرمنی نے اپنی گرفت مضبوط رکھی اور اس کی جانب سے پہلا گول تھومس مولر نے 12ویں منٹ میں کیا، پرتگال ٹیم کی پے درپے غلطیوں اور میچ پر کمزور گرفت نے جرمنی کو دوسرے گول کا موقع 32ویں منٹ میں اس وقت دیا جب میٹس ہملز نے بال کو گول پوسٹ کی راہ دکھا کر جرمنی کی برتری 2 گول کی کردی، جرمنی کے کھلاڑیوں کے سامنے پرتگال کے رونالڈو بھی بے بس نظر آئے اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں تھومس مولر نے اپنا دوسرا اور جرمنی کا تیسرا گول کرکے جرمنی کو پرتگال پر نفسیاتی برتری دلادی

اور میچ کا پہلا ہاف 0-3 پر ختم ہوا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی جرمنی نے اپنا جارحانہ کھیل نہ چھوڑا اور پرتگال کی ایک نہ چلنے دی، جرمنی کے جارحانہ کھیل کے سامنے پرتگال نے دفاعی انداز اپنانے کو ترجیح دی جس کا خمیازہ اسے اس وقت بھگتنا پڑا جب تھومس ملر نے 78ویں منٹ میں اپنی اور اس عالمی کپ کی پہلی گول ہیٹ ٹرک مکمل کرکے جرمنی کی فتح کو یقینی بنادیا اور یوں جرمنی نے یہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں 4 گول سے اپنے نام کیا۔