پنجاب کا ہر شہری 4510 روپے کا مقروض ہے ،ن لیگ کی حکومت نے سرپلس پنجاب کو مقروض بنا دیا ہے: وقاص موکل

منگل 17 جون 2014 08:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے پنجاب کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پر 6 سال سے حکومت کرنے والی جماعت کی کارکردگی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج سرپلس صوبہ کا ہر شہری 4510 روپے کا مقروض ہے۔ پنجاب کے 70 لاکھ افراد کو خط غربت سے اوپر اٹھانے کا وعدہ کرنے والے ان 3 کروڑ افراد کا حساب دیں جنہیں گزشتہ 6 سالوں میں خط غربت کی لکیر کے نیچے دھکا دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی ٹکٹ پر منتخب ہونے کی سزا میرے حلقہ کے 158 ہزار ووٹرز کو دی جارہی ہے، آئندہ سال کے بجٹ میں PP-180 کیلئے ایک روپے کی سکیم شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعلیٰ پنجاب سے سوال ہے کہ کیا PP-180 کے عوام پنجاب اور پاکستان کے شہری نہیں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال کے برن یونٹ اور میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور، بہاولپور کے برن یونٹ نامکمل ہیں، جلنے والے مریضوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ دستاویز میں غلط دعوے تو ہیں ہی ساتھ زبان کی سنگین غلطیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 3500 یونین کونسلوں کیلئے 6 ارب رکھے گئے اس حساب سے ہر یو سی کو 17 لاکھ ملیں گے ان 17 لاکھ میں کونسا کام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں میرے حلقہ کے عوام کیلئے کچھ نہیں تو اس بجٹ کی بھی میرے لئے کوئی حیثیت نہیں۔

متعلقہ عنوان :