اسپین پولیس کے چھاپے، جہادیوں کی بھرتی کا نیٹ ورک ختم، 8مشتبہ شدت پسند گرفتار، نیٹ ورک گوانتانامو کے ایک سابقہ قیدی نے قائم کر رکھا ، چھان بین ابھی جاری ہے ، حکام

منگل 17 جون 2014 08:09

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء ) ہسپانوی پولیس نے دارالحکومت میڈرڈ میں چھاپے مار کاروائیوں کے دوران جہادیوں کی بھرتی کے ایک اور نیٹ ورک کو ختم کرنے کا دعوی کیا ہے جو گوانتانامو کے ایک سابقہ قیدی نے قائم کر رکھا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہسپانوی وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز میڈرڈ میں پولیس متعدد مقامات پر چھاپے مار ے جس کے نتیجے میں کم از کم 8 مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتارکیا گیا ہے جو گوانتانامو کی امریکی جیل کے ایک سابقہ قیدی کی سربراہی میں اس نیٹ ورک کے ذریعے نئے جہادی عناصر بھرتی کرتے تھے۔

بیان کے مطابق اس نیٹ ورک کے خلاف چھان بین ابھی جاری ہے لیکن یہ امر طے ہو چکا ہے کہ اس گروپ کے اسلام پسند ارکان اسپین میں اپنے نئے ساتھیوں کو بھرتی کرتے تھے اور انہیں ’اسلامی ریاست عراق و شام‘ یا ISIL نامی عسکریت پسند گروپ کے ارکان کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے شام اور عراق میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کی طرف بھجوا دیتے تھے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے اسپین میں عسکریت پسندوں کے اس گروہ کے سرغنہ کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا اس نیٹ ورک کے مبینہ سربراہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم سرکاری بیان میں یہ ضرور کہا گیا کہ اس نیٹ ورک کے سربراہ کو 2001ء میں افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد وہ کافی عرصہ گوانتانامو کی امریکی جیل میں قید رہا۔ ہسپانوی حکام کے مطابق یہ شدت پسند گوانتانامو سے رہائی کے بعد اسپین میں بھی رہائش پذیر رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :