پیپلز پارٹی کی پنجاب اسمبلی میں آپریشن ضرب عضب کے حق میں قرارداد پیش ،قوم کا ہر فرد فوج کے ساتھ کھڑا ہے ، جانوں کے نذرانے دینے والوں کو خراج تحسین ، دہشت گردوں اور جنگجووٴں کے خلاف ہونے والے فوجی آپریشن ” ضر ب عضب “ کی مکمل حمایت میں سندھ اسمبلی میں قرار داد اتفاق رائے سے منظور

منگل 17 جون 2014 08:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں آپریشن ضرب عضب کے حق میں قرارداد جمع کرادی ۔ قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے جمع کرائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی حمایت کرتے ہیں قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور دہشتگردی کیخلاف کھڑا ہے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

ادھرسندھ اسمبلی نے پیر کو ایک قرار داد اتفاق رائے سے منظور کرلی ، جس میں دہشت گردوں اور جنگجووٴں کے خلاف ہونے والے فوجی آپریشن ” ضر ب عضب “ کی مکمل حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ پوری قوم متحد ہو کر پاکستان کی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے ۔ یہ قرار داد وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو اور ایم کیو ایم کی خاتون رکن ارم عظیم فاروق نے پیش کی تھی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں کہا گیا کہ امن مذاکرات کے لیے کی گئی تمام کوششوں کے باوجود پاکستان کے دشمن ریاست کی عمل داری کو چیلنج کرتے رہے ، جس کے نتیجے میں معصوم لوگوں کی زندگیاں چلی گئیں اور اثاثوں کو نقصان پہنچا ۔ ہم یہ دعا کرتے ہیں کہ ہماری بہادر مسلح افواج دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں کامیاب ہوں ۔ قرار داد میں مزید کہا گیا کہ شمالی وزیرستان میں شروع کیا گیا آپریشن ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ دہشت گردوں نے مملکت پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر رکھی تھی اور وہ ہماری قومی زندگی کے تمام شعبوں کو نہ صرف منفی طور پر متاثر کر رہے تھے بلکہ وہ ہماری اقتصادی ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹیں پیدا کررہے تھے اور بڑے پیمانے پر جان ومال کو نقصان پہنچانے کا بھی سبب بن رہے تھے ۔

انہوں نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے اندر زندگی کو مفلوج کردیا تھا اور امن سے محبت کرنے والے اور محبت وطن مقامی لوگوں کو خوف زدہ کر رکھا تھا ۔ آپریشن کے بعد دہشت گرد پاکستان کے شہری علاقوں میں داخل ہو سکتے ہیں ، جہاں وہ ردعمل میں چھوٹے حملے بھی کر سکتے ہیں تاکہ فوج کی توجہ آپریشن سے ہٹائی جائے ۔