رونالڈو کے نئے ہیئر سٹائل کے بارے میں افواہیں،پرتگال کے سٹار فٹبالر کے نئے ہیئر سٹائل کے بارے میں ہزاروں ٹویٹس کی گئی ہیں اور لوگوں نے کینسر سے متاثر ایک بچے کے لیے ان کے جذبے کی تعریف کی

بدھ 25 جون 2014 07:02

لزبن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء)پرتگال کے سٹار فٹبالر کرستیانو رونالڈو کے نئے ہیئر سٹائل کے بارے میں ہزاروں ٹویٹس کی گئی ہیں اور لوگوں نے کینسر سے متاثر ایک بچے کے لیے ان کے جذبے کی تعریف کی ہے۔لیکن کیا واقعی انھوں نے کسی بچے کے لیے ایسا کیا ہے یا یہ ٹوئٹر پر صرف ایک افواہ ہی ہے؟انھوں نے اپنے سر کے داہنے حصے کے بال پر زیڈ کی شکل میں ترچھے بال ترشوائے ہیں۔

جب امریکہ کے خلاف میچ سے چند گھنٹے قبل وہ اپنے بالوں کے نئے انداز میں عوام کے سامنے آئے تو ٹوئٹر پر لوگ اپنا سر کھجانے لگے۔کسی نے کہا کہ اسے ورلڈ کپ کے بدترین بالوں کے سٹائل میں شمار کیا جانا چاہیے جبکہ بعض لوگ یہ سوچ رہے تھے کہ کہیں یہ نئے انداز میں عدد سات (7) تو نہیں لکھا گیا ہے جیسے کہ گھانا کے کھلاڑی آساموا جان نے تین (3) کو اپنے بالوں پر ڈائی کرا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بہت سے لوگوں نے اسے جادوگر کے نشان سے تعبیر کیا۔

کسی نے لکھا: ’رونالڈو کے بالوں کو کیا ہوا، کہیں اسے ہیری پوٹر نے تو سپانسر نہیں کیا یا پھر کچھ اور ہی ماجرا ہے؟لیکن کچھ ہی دیر بعد ان کے بالوں کا جو مذاق اڑایا جا رہا تھا بطور خاص امریکی شہریوں کی جانب سے، اس میں یکایک تبدیلی آگئی اور ٹوئٹر پر افواہوں کا بازار گرم ہو گیا۔ایسا لگتا ہے کہ ایک فٹبال فین کی ایک ٹویٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا جس کے تقریباً 900 فالوورز ہیں۔

اس نے لکھا: ’رونالڈو نے اپنے بال اس انداز میں اس لیے کٹوائے کہ وہ اپنے ایک نوجوان مداح کے اس نشان سے مشابہت چاہتے تھے جس کے دماغ میں رسولی تھی اور اسے گذشتہ ہفتے آپریشن کر کے نکالا گیا ہے۔اس ٹویٹ کو اب تک 11 ہزار بار سے زیادہ شیئر کیا جا چکا ہے اور اسے لفظ بہ لفظ نقل کر کے بہت سے لوگوں نے اپنے اکاوٴنٹس سے ری پوسٹ کیا۔ مجموعی طور پر اس کے متعلق 50 ہزار سے زیادہ ٹویٹس اور ری ٹویٹس ہو چکی ہیں۔

فلوریڈا کے نک بیرٹ نے اپنی تصویر انٹرنیٹ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر رونالڈو کے ہیئر سٹائل سے اس بیماری سے متعلق بیداری پیدا ہو تو یہ بڑی بات ہے

یہاں مسئلہ یہ ہے کہ اسے افواہ ثابت کرنے کے لیے بھی کوئی شواہد نہیں ہیں اور رونالڈو نے اتوار سے اپنے سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کیا ہے اور نہ ہی ان کے ایجنٹ یا پرتگال کی ٹیم نے اس بارے میں کوئی وضاحت دی ہے۔

بہر حال ایسا لگتا ہے کہ چند ماہ قبل رونالڈ نے ایک بچے کے دماغ کی سرجری کے لیے رقم دی تھی۔ اس بچے کو دماغی بیماری تھی جس کی وجہ سے اسے مرگی کے دورے پڑتے تھے۔ میڈیا میں یہ بات وسیع پیمانے پر سامنے آئی تھی اور پہلی ٹویٹ میں امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے اس سے متعلق ایک مضمون سے لی گئی تصویر ڈالی گئی تھی۔

لیکن کیا رونالڈو کے بال کے نئے انداز کو اس بات سے یا برین ٹیومر یا پھر کسی چیز سے کچھ سروکار ہے یا نہیں یہ کوئی نہیں بتا سکتا۔

اب اس افواہ میں کوئی صداقت ہے یا نہیں لیکن فلوریڈا کے 29 سالہ نک بیرٹ نے جن کی آٹھ ماہ قبل دماغ کی سرجری ہوئی ہے، انھوں نے اپنے سر کی سرجری کے بعد کی تصویر پوسٹ کی اور بی بی سی کو بتایا کہ انٹرنیٹ پر جاری اس بحث نے ان کی یاد تازہ کر دی ہے: ’جب آپ زخم کے اس نشان کے ساتھ چلتے ہیں تو سب آپ کو دیکھتے ہیں۔ اگر یہ اس بیماری کے بارے میں لوگوں میں آگہی پیدا کرے تو یہ ہیئر سٹائل کافی ہے۔