اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کو کالعدم قرار دیدیا،حکومت نے پک اینڈ چوز پالیسی کے تحت ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کی ہے جو خلاف میرٹ ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ

بدھ 25 جون 2014 06:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن کے مینجمنٹ ڈائریکٹر(ایم ڈی )محمد مالک کی تقرری کو غیر قانونی قرار دے دیا۔منگل کے روز عدالت نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کو غیر قانونی اور غیر شفاف طریقے سے کئے جانے پر ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کو کالعدم قرار دیدیا۔منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں قاضی محمد مصطفی خان بنام وفاق کیس کی سماعت ہوئی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل فیصل خان تورو عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے فضل الرحمن نیازی اور رانا جواد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری غیر قانونی اور غیر شفاف طر یقے سے کی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے پک اینڈ چوز پالیسی کے تحت ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کی ہے جو خلاف میرٹ ہے۔

حکومت نے محمد مالک کی تقرری کرتے ہوئے دوسرے سینئر لوگوں کو نظر انداز کیا ہے ۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر خان تورو نے گزشتہ پیشی پر دلائل میں بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک کی تقرری کو سابق قائم مقام ایم ڈی پی وی قاضی مصطفی کمال خان نے عدالت میں چیلنج کیا ہے ۔

فاضل وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کے لئے تین مرتبہ اشتہارات شائع کئے ہیں اور تینوں مرتبہ اشتہار میں تبدیلی کی گئی ۔ فاضل وکیل نے مزید بتایا کہ سلیکشن بورڈ نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کے لئے 5 ناموں میں سے تین نام شارٹ لسٹ کئے تھے اور پہلے نمبر پر جمال شاہ جبکہ دوسرے نمبر پر محمد مالک کا نام تھا ۔

سنیارٹی کی بنیاد پر حکومت نے ماسٹر ڈگری ہولڈر والوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک بی اے شخص کو ایم ڈی پی ٹی وی لگادیا ۔ایم ڈی پی وی محمد مالک ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی کے مالک ہیں ان کی کمپنی نے پی ٹی وی کے 70 لاکھ کے قریب رقوم ادا کرنے ہیں۔جب حکومت نے محمد مالک کو یقین دہانی کرائی کہ ان کو ایم ڈی پی ٹی وی لگایا جائیگا تو پھر انہوں نے پی ٹی وی کے بقایا جات واپس کئے ۔عدالت نے منگل کے روز مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک کی تقرری غیر شفاف اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :