کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے تھم جانے کے بعد ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ،حال ہی میں پولیس میں بھرتی ہونے والے 3ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور تحریک انصاف کے کارکن سمیت 7افراد قتل کر دئیے گئے

بدھ 25 جون 2014 06:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء)کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے تھم جانے کے بعد ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ،حال ہی میں پولیس میں بھرتی ہونے والے 3ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور تحریک انصاف کے کارکن سمیت 7افراد قتل کر دئیے گئے،پیر کو بلدیہ ٹاون سے ملنے والی چار لاشوں کی شناخت ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں منگل کی شام نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ تینوں اہلکار راستے میں ہی دم توڑ گئے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی شناخت شاہد،نواب علی اور ثمال ولد دینو کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق تینوں اہلکاروں کو انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئی ہیں اور تینوں اہلکار حال ہی میں فوج سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد پولیس میں بھرتی کئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو علاقے میں طلب کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی تھی ۔دوسری جانب بلدیہ ٹاون کے علاقے اتحاد ٹاون میں نامعلوم افراد فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نصیب فاروق کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول پاکستان تحریک انصاف کا کارکن تھا پولیس نے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

جب کہ لیاقت آباد تھانے پیلی کوٹھی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ۔پولیس کے مطابق لاش کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے ۔لاش کو اسپتال سے سر د کانے منتقل کر دیا گیا ہے ۔جمشید کواٹر تھانے کی حدود سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی فوری طور پر شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے ۔

عزیز آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ریاض حسین کے نام سے ہوئی ہے ۔قبل ازیں میوہ شاہ قبرستان عید گاہ گراوٴنڈ سے لاش ملی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔لاش کو شناخت کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سرجانی ٹاوٴن کے سیکٹر سیون ڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اے ایس آئی نعمت علی پولیس پارٹی کے ساتھ گشت پر تھا کہ وہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بنا اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اورنگی ٹاوٴن بجلی نگر میں دیرینہ رنجش پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جبکہ بلدیہ رشید آباد میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون سے پیر کو ملنے والے لاشوں کی شناخت نور خان،خرم ،انور اور شاہ دو کے نام سے ہوئی ہے ۔