انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن نے محمد آصف کی پروفیشنل ٹریننگ میں مدد کی حامی بھر لی، سابق امیچر ورلڈ چیمپئن شفیلڈ اکیڈمی میں ٹریننگ کرسکیں گے

منگل 15 جولائی 2014 07:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جولائی۔2014ء) انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن نے محمد آصف کی پروفیشنل ٹریننگ میں مدد کی حامی بھر لی، سابق امیچر ورلڈ چیمپئن شفیلڈ اکیڈمی میں ٹریننگ کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے چیئرمین جم لیسی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ انگلینڈ کے شہر شفیلڈ میں ٹاپ امیچر کیوئیسٹ کیلیے ایک اکیڈمی قائم کی جارہی ہے، پروفیشنل اسنوکر لیگ تک رسائی کیلیے ٹریننگ خاصی مہنگی ثابت ہوتی ہے،

امیچرز کو اگلے درجے تک لیجانے کیلیے آئی بی ایس ایف ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کیساتھ معاملات طے کررہی ہے، اکیڈمی میں پلیئرز کو ٹریننگ اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے کیلیے سبسڈی دے گی، شاندار ریکارڈ میں حامل سابق چیمپئن محمد آصف بھی اس پروگرام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا پروفیشنل کیریئر مضبوط بنیادوں پر استوار کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2012میں عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستانی اسٹار مسلسل اس نوعیت کی ٹریننگ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن مالی وسائل کی کمی آڑے آنے پر ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا۔ دوسری طرف جم لیسی نے آئندہ ماہ ایشین چیمپئن شپ کی میزبانی کیلیے تیار پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن پر بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔