بمباری کے دھوئیں سے فلسطینی آرٹ تخلیق!،زندہ دلان اہالیاں غزہ تباہی کے مناظر سے فن تخلیق کرنے لگے

اتوار 20 جولائی 2014 08:34

رام اللہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء)فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر آٹھ جولائی سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں جہاں بڑی تعداد میں شہری شہید ہو رہے ہیں اور پورا فلسطین ماتم کدہ بنا ہوا ہے وہیں زندہ دلان فلسطین بم دھماکوں کے فلک بوس گرد، غبار اور دھویں کے مرغولوں سے فن پارے تخلیق کر کے دنیا کو امن و محبت کا پیغام دے رہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق ویسے تو سوشل میڈیا غزہ میں تباہی اور بربادی کے ہولناک مناظر سے بھرا پڑا ہے۔ شہداء کے جلے کٹے لاشے، خاک وخون میں لت پت زخمی، آہ وبکا کرتی خواتین اور چیخ پکار کرتے بچے دل دہلا دینے والے مناظر کو اور بھی خوفناک بنا رہے ہیں، لیکن المیے اور خوف کے بیچ آپ کو کچھ ایسی تصاویر بھی دکھائی دیں گی جو فلسطینیوں کی زندہ دلی اور بحرانوں کو بھی فنون لطیفہ میں ڈھالنے پر مکمل اظہار نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

بلال احمد ایسے غزہ کے ایک نوجوان ہیں جو خوف اور غم کی فضاء میں ملبے کے ڈھیروں سے بموں کے اٹھتے دھوئیں کو فن میں ڈھال کر ان سے مختلف واقعات کی منظر کشی کرتے ہیں۔ وہ دنیا کو یہ پیغام بھی دے رہے کہ فلسطینی قوم بحرانوں میں بھی فن تخلیق کرنیکا گْر جانتی ہے۔بلال نے دھوئیں کے فلک بوس مرغولوں کے عکس سے کشید کردہ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں جنہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔

ایک عرب ٹی وی نے بلال کے فن مصوری کے چند نمونے اپنے زائرین کے لیے منتخب کیے ہیں۔ آپ ان تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح بلال احمد نے دھوئیں سے مختلف مناظر کی عکس بندی کی ہے۔بلال کی فنکارانہ صلاحیت دنیا کے لیے پیغام امن بھی ہے۔

وہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینیوں کو بھی دیگر اقوام کی طرح زندہ رہنے اور اپنے انسانی حقوق کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔

دھوئیں کے ایک غبار سے ایک بزرگ فلسطینی کی تصویر بنائی جو غزہ میں غم و الام کی علامت بن چکا ہے۔ ایک جگہ فلسطینی خاتون کو گلے میں فلسطینی کوفیہ (گلو بند) ڈالے دکھایا گیا۔ بم دھماکے کی جگہ سے اٹھتے دھوئیں سے ایک "شہید" کی تصویر بنا کر فلسطینیوں کی مظلومیت کا اظہار کیا اور بعض تصاویر میں اسرائیلیوں کے جرائم کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔خیال رہے کہ فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں گذشتہ تیرہ روز سے جاری وحشیانہ بمباری میں پورا شہر آگ، خون اور دھوئیں کی لپیٹ میں ہے۔ بمباری سے 293 نہتے فلسطینی شہید اور 2200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :