لیبیا ،بن غازی میں فوج اور اسلامی ملیشیا کے درمیان جھڑپیں، 16 افراد ہلاک متعدد ز خمی ،ہلاک ہونے والوں میں تین عام شہری اور ایک مصری باشندہ شا مل

بدھ 23 جولائی 2014 06:52

بن غازی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں فوج اور اسلامی شدت پسند ملیشیا کے درمیان جاری جھڑپوں میں اب تک 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت فوجیوں کی ہے۔ جر من خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے طبی اور فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین عام شہری بھی شامل ہیں، جن میں سے ایک مصری باشندہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ سویلین افراد اس وقت ہلاک ہوئے، جب ایک راکٹ ایک مکان پر لگا۔پیر کے روز مشرقی شہر بن غازی میں ملکی فوج اور اسلامی شدت پسند گروپ کے جنگجووٴں کے درمیان تازہ جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا، جب اس گروہ کے مسلح حملہ آوروں نے ایک فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ اس کے بعد فوجیوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، جب کہ اس کارروائی میں فوج نے ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں کا استعمال بھی کیا۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق بن غازی میں ان جھڑپوں میں اب تک 81 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔بن غازی میں یہ جھڑپیں ایک ایسے موقع پر شروع ہوئی ہیں، جب دارالحکومت طرابلس میں گزشتہ ایک ہفتے سے دو ملیشیا گروہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کنٹرول کے لیے ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ لیبیا کی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں عالمی برادری سے مدد کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :