ملائیشین طیارہ حادثہ ، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں خارکیف پہنچا دی گئیں

بدھ 23 جولائی 2014 06:52

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء )مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں تباہ ہونے والے ملائیشین مسافر طیارے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو ایک ٹرین کے ذریعے یوکرین کی حکومت کے زیر کنٹرول شہر خارکیف پہنچایا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر میں موجود ہالینڈ کے ماہر تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ ان لاشوں کی منتقلی بدھ سے قبل متوقع نہیں۔

ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رٹ نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ ایک ٹرین کے ذریعے باغیوں کے زیر قبضہ علاقے ڈونٹسک میں 200 تابوت بھیجے گئے۔

اب ان لاشوں کو شناخت کے لیے ہالینڈ لایا جائے گا۔یوکرین میں باغیوں اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے درمیان ایک معاہدے میں طے پایا تھا کہ لاشیں شناخت کے لیے ہالیں ڈ کے حوالے کی جائیں، کیوں کہ طیارے میں سوار بیشتر افراد کا تعلق ہالینڈ سے تھا۔

(جاری ہے)

اْدھر منگل کو روس نے کہا کہ وہ ملائیشیا کے مسافر طیارہ گرنے کے ضمن میں بین الاقوامی تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اْس قرار داد کے بعد کیا گیا جس میں اس حادثے کی تحقیقات کا کہا گیا۔روس کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ تحقیقات اور اس سلسلے میں ماہرین بھی فراہم کرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :