ایف بی آر نے مزید 20 ہزار ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کر دیے،3لاکھ ٹیکس نادہندہ امراکاسراغ لگایا گیا تھا،پہلے مرحلے میں1لاکھ کونوٹسز ارسال، ریکوری بھی کی گئی، ذرائع

پیر 25 اگست 2014 08:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دوسرے مرحلے کے تحت قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والے مزید 20 ہزار افراد کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جن 3 لاکھ سے زائد امیروں کا سراغ لگایا تھا، اس میں سے 1 لاکھ سے زائد امیر لوگوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران نوٹس جاری کیے گئے تھے ان میں سے پہلے نوٹس کا جواب نہ دینے والوں میں سے 25 ہزار سے زائد کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان میں سے متعدد کے خلاف اسیسمنٹ آرڈرز جاری کرکے ریکوریاں بھی کی گئی ہیں اور متعدد نے انکم ٹیکس گوشوارے بھی جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عالمی بینک سے پالیسی کریڈٹ ٹو پروگرام لینے کے لیے بھی عالمی بینک کے ساتھ طے کیا ہے کہ کہ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے بوجود ٹیکس نہ دینے والے اور اپنی آمدنی چھپانے والے امیر ترین لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کے تحت دوسرے مرحلے میں رواں مالی سال کے اختتام تک مزید 1 لاکھ سے زائد لوگوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور نوٹسز کا جواب نہ دینے والوں میں سے 25 فیصد کے خلاف انتظامی و قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان سے ٹیکس واجبات کی وصولی کے لیے اسیسمنٹ آرڈرز جاری کرکے ریکوریاں کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :