سپین میں” لی جینالا“ بیکٹیریا نے خوف و ہراس پھیلا دیا،2 افرادہلاک

اتوار 21 ستمبر 2014 08:20

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21ستمبر۔2014ء)سپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیہ کے شہر سبادل میں 2افراد بیکٹیریا ”لی جینالا“ سے ہلاک ہو گئے جبکہ 20افراد اسی بیکٹیریا کی وجہ سے متاثر ہو کر اسپتال پہنچ گئے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق بارسلونا کے قریب واقع شہر سبادل میں دو افراد بیکٹیریا ”لی جینالا“ سے متاثر ہو کر موت کی وادی میں اتر گئے جبکہ بیس افراد اس بیکٹیریا کی زد میں آکرہسپتا ل پہنچ گئے ہیں جن میں سے 17افراد گزشتہ روزہسپتال میں داخل ہوئے۔

اس بات کا انکشاف کاتالان وزارت صحت کے ذرائع نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں کاتالونیہ کی پبلک ہیلتھ ایجنسی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ اس بیکٹیریا کے پھیلاؤ کے کیا عوامل ہیں جس کی وجہ سے 20افراد 5ستمبر سے لیکر 14ستمبر تک متاثر ہوئے۔ متاثرہ افراد میں 12مرد اور 10خواتین شامل ہیں اور ان کی عمریں 45اور94سال کے درمیان ہیں۔ یادرہے کہ بیکٹیریا ”لی جینالا“ سانس کی نالی کو متاثر کرتا ہے اور اس بیکٹیریا کی پیدائش کا سبب سینٹرلی ائیر کنڈیشن اور سینٹرلی ہیٹ سسٹم بنتا ہے۔ واضح رہے کہ اس بیکٹیریا پرقابو پانے کے لئے ا سپین بھر میں طبی محکموں نے فوری طور پر مکانات، دفاتر اور دکانوں میں ایئر کنڈیشن سسٹم کی فوری انسپیکشن شروع کر دی ہے۔