ایشین گیمز : ابتدائی روز پاکستانی کھلاڑیوں کا فاتحانہ آغاز ،ہاکی ایونٹ میں یکطرفہ مقابلہ ، پاکستان نے سری لنکا کو 14صفر سے ہرادیا، گرین شرٹس نے 7فیلڈ گول کیے، 7گول پنالٹی کارنرز پر بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عمر بھٹہ نے چار چار گول کئے، اسکواش میں ماریہ طور اور فرحان محبوب نے مخالفین کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ،مینز ٹینس ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے قطر کو تین صفر سے ہرادیا،ویمنز سنگلز میں ہانگ کانگ نے پاکستان کو شکست دے دی،مقدس اشرف جاپانی کھلاڑی سے ہار گئیں،والی بال میں پاکستانی ٹیم کو کویت نے تین صفر سے ہرادیا، مردوں کے شوٹنگ ایونٹ میں بھارت کے جیتو رائے نے طلائی تمغہ جیت لیا،ویمنز مقابلوں میں چین کی زنگ مینگیو آن نے گولڈ میڈل حاصل کیا کرلیا

اتوار 21 ستمبر 2014 07:56

انچیون(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21ستمبر۔2014ء)ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 14صفر سے ہرادیا۔پاکستان نے 7فیلڈ گول کیے، 7گول پنالٹی کارنرز پر بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عمر بھٹہ نے چار چار گول کئے۔ اسکواش میں پاکستان کی ماریہ طور کوارٹر فائنل اور فرحان محبوب پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ چین کے شہر انچیون میں سترہویں ایشین گیمز کے مینز ٹینس ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے قطر کو تین صفر سے ہرادیا،ویمنز سنگلز میں ہانگ کانگ نے پاکستان کو شکست دے دی۔

اسکواش کے خواتین سنگلز میں پاکستان کی ماریہ طور کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔انہوں نے چین کی لی ڈونگ چن کو شکست دی جبکہ مقدس اشرف جاپانی کھلاڑی سے ہار گئیں۔اسکواش کے مینز سنگلز میں پاکستان کے فرحان محبوب پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

فرحان نے اردن کے السراج محمد خلیل کو شکست دی۔مینز والی بال میں پاکستانی ٹیم کو کویت نے تین صفر سے ہرادیا۔دیگر مقابلوں میں مردوں کے شوٹنگ ایونٹ میں بھارت کے جیتو رائے نے طلائی تمغہ جیت لیا، کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے کلیم خان 32ویں اور محمد زبیر 40 ویں نمبر پر رہے۔ویمنز مقابلوں میں چین کی زنگ مینگیو آن نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔تائیوان نیسلور میڈل جبکہ منگولیا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔