کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کی نظربندی میں مزید تین ماہ کی توسیع کا حکم

جمعہ 26 ستمبر 2014 07:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی نظرثانی بورڈ نے کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کی نظربندی میں مزید تین ماہ کی توسیع کا حکم دیتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست نمٹا دی، جسٹس منظور احمدملک کی سربراہی میں نظرثانی بورڈ نے ملک اسحاق کی موجودگی میں فیصلہ سنایا،لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس منظور احمد ملک ، مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان اور مسٹر جسٹس عبدالسمیع خان پر مشتمل تین رکنی نظرثانی بورڈ نے محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی،سماعت کے موقع پر کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کو بھی سخت سکیورٹی میں پیش کیا گیا ، محکمہ داخلہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم پر شرانگیز تقاریر کرنے کا الزام ہے جس کی وجہ سے اسے نظربند رکھا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ محرم الحرم کے پیش نظر ملزم کا نظربند رہا انتہائی ضروری ہے ورنہ صوبے میں نقص امن کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، ملک اسحاق نے ازخود دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بلاکسی ثبوت کے انہیں تین ماہ سے نظربند کر رکھا ہے لہذا انکی نظربندی ختم کر کے رہا کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جس کے بعد سکیورٹی اہلکار ملک اسحاق کو واپس ملتان جیل منتقل کرنے کیلئے ہائیکورٹ سے لے گئے،آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد محفوظ فیصلہ سنانے کا وقت آیا تو نظرثانی بورڈ کو آگاہ کیا گیا کہ پولیس ملک اسحاق کو لے جاچکی ہے جس پر بورڈ نے ملک اسحاق کو دوبارہ بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا، سکیورٹی نے اہلکاروں نے وائر لیس پر کال نشر کروا کر ٹا?ن شپ سے ملک اسحاق کو واپس بلا کر نظرثانی بورڈ کے سامنے پیش کیا، نظرثانی بورڈ نے ملک اسحاق کی موجودگی میں انکی نظربندی میں مزید تین ماہ کی توسیع کا فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست نمٹا دی ۔