دولت اسلامیہ کے جنگجووٴں نے عراق کے ضلع دیالا سے متصل کئی دیہات کے مکینوں کا پانی بند کرنے کے بعد بجلی بھی منقطع کر دی

جمعہ 26 ستمبر 2014 07:46

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء)شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجووٴں نے عراق کے ضلع دیالا سے متصل کئی دیہات کے مکینوں کا پانی بند کرنے کے بعد ان کی بجلی بھی منقطع کر دی ہے جس کے بعد شہری شدید مشکلات سے دوچار ہو چکے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بعقوبہ شہر سے 70 کلومیٹر دور انتظامی طور پر ضلع دیالا میں شامل "الشیخ باوی" اور اس کے متصل کئی دیہات کی پانی کی پائپ لائن اور بجلی اس وقت کاٹ دی جب مقامی شہریوں نے داعش کی بیعت سے انکار کر دیا۔

متاثر قصبوں کے شہریوں اور وہاں پر موجود حکومتی عہدیداروں نے ضلع سلیمانیہ کی انتظامیہ سے بحران کے حل میں مدد کی اپیل کی ہے لیکن علاقے کا بیشتر علاقہ بھی داعش کے قبضے میں ہونے کی وجہ سے مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ضلع سلیمانیہ کی حکومت میں شامل نیشنل کرد الائنس پارٹی کے ایک عہدیدار عادل محمد نے بتایا کہ "الشیخ باوی" کے دیہات جلولا میونسپلٹی میں آتے ہیں جن میں کم سے کم 33 ہزار کنبے آباد ہیں۔

ان میں جلولا سے نقل مکانی کرنے والے چھ ہزار خاندان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلولا سے متصل ضلع سلیمانیہ میں کرمیان شہر کی انتظامیہ نے متاثرہ دیہاتوں کو بجلی کی عارضی فراہمی میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔جلولا کے ایک دوسرے انتظامی عہدیدار انور حسین نے بتایا کہ داعش کی مسلسل پیش قدمی کے بعد جلولا اور دیگر مضافاتی علاقوں سے 95 فی صد شہری صوبہ کردستان کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔ جو لوگ باقی بچ گئے ہیں وہ یا تو عمر رسیدہ یا معذور ہیں جو چلنے سے قاصر ہیں۔ یہ لوگ نہایت کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور انہیں بنیادی ضروریات میسر نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :