وزیراعلیٰ شہبازشریف اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ملاقات، متاثرین سیلاب کی امداد و بحالی کی سرگرمیوں اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعہ 26 ستمبر 2014 07:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی آج یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی و بحالی کی سرگرمیوں اور ملکی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت وعدے کے مطابق سیلاب متاثرہ لوگوں کو ان کے نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی دنوں میں کر رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں ہر متاثرہ خاندان کے سربراہ کو 25، 25 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔ متاثرہ اضلاع میں ادائیگی کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والوں نے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو یکسر فراموش کرکے بدترین بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بے وقت کے دھرنوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالی گئی ہے۔

دھرنوں کی وجہ سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، 18 کروڑ عوام اس جرم کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔مجھے چین سے ملنے والی ای میل میں بھی صورتحال پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔اپنوں نے خود ملک کے ساتھ دشمنی کی ہے۔نادان دوست اب بھی ہوش کے ناخن لیں اور ملک و قوم پر رحم کریں ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ مت ڈالیں۔ گورنر چودھری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔پنجاب حکومت نے جس تیز رفتاری کے ساتھ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :