جو بائیڈن نے ترک صدر اردگان سے معافی مانگ لی،اردگان اچھے دوست ہیں ان کی بات کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ انہوں نے ترک حکومت پر الزام عائد کیا،امریکی نائب صدر

پیر 6 اکتوبر 2014 06:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے اپنے تبصرے پر ترک صدر طیب اردگان سے معذرت کر لی ہے۔ یاد رہے کہ ترکی کے صدر پر جو بائیڈن نے الزام لگایا تھا کہ وہ دولت اسلامی کی مدد سے شام کی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاوٴس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر بائیڈن نے ترک صدر کو فون کیا ہے۔

(جاری ہے)

نائب صدر نے کہا کہ صدر اردگان ان کے اچھے دوست ہیں اور ان کی بات کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ انہوں نے ترک حکومت پر الزام عائد کیا ہے۔ نائب صدر بائیڈن نے ہارورڈ کینیڈی سکول کے طلبا سے خطاب کے دوران کہا ترکی اور علاقے کے دوسرے ممالک نے شام کے صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے لئے القاعدہ اور النصرہ فرنٹ سمیت انتہا پسند گروپوں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا ترک صدر نے انہیں بتایا کہ ترکی نے بشار الاسد کی فوج سے لڑنے کے لئے بہت سے غیر ملکی جنگجووٴں کو راستہ دیا۔ اب انہوں نے معذرت کر لی ہے۔