واحد ٹی ٹونٹی، کرکٹ ٹیم نے قوم کو عید پر ’شکست‘ کا تحفہ دے دیا

پیر 6 اکتوبر 2014 06:36

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) آسٹریلیا نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور اس طرح قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا قوم کو میچ جیت کر ”عید کا تحفہ“ دینے کا خواب ادھورا رہ گیا۔دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 96 رنز ہی بنا سکی۔

بیٹنگ کے دوران سعد نسیم نے سب سے زیادہ 25 رنز اسکور کئے جب کہ وہاب ریاض 16، احمد شہزاد 10، انورعلی 5، اویس ضیا 3، شاہد آفریدی 2، عمر اکمل ایک جب کہ صہیب مقصود اور عمر امین بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے جبکہ رضا حسن 13 اور محمد عرفان ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکس ویل نے 3، کیمرون بوئس نے 2 جبکہ مچل اسٹارک، کین رچرڈسن، سین ایبٹ اور جیمز فالکنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے 97 رنز کا ہدف 14 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر 39 گیندوں میں 54 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ گلین میکس ویل 17 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ایرن فنچ 5، اسٹیون اسمتھ 3 اور فلپ ہیوز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے رضا حسن 2 جبکہ شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ بہترین کارکردگی پر گلین میکس ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :