قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی،ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹز آوٴٹس پر ہرا کرگولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا،پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑیوں کوملک کا نام روشن کرنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے اور حکومت کو چاہئے کہ ہاکی ٹیم کی بہتری کے لئے فنڈز جاری کرے، کپتان عمران

پیر 6 اکتوبر 2014 06:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز ہاکی میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی جہاں لاہور ایئرپورٹ پر کھیلوں کی مختلف تنظیموں نے اس کا استقبال کیا۔وطن واپسی پر ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑیوں کوملک کا نام روشن کرنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے اور حکومت کو چاہئے کہ ہاکی ٹیم کی بہتری کے لئے فنڈز جاری کرے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 17 ویں ایشین گیمز ہاکی میں قومی ٹیم اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہی اور گروپ میچ میں گرین شرٹس نے بھارت کو بھی ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی جب کہ سیمی فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، فائنل میں قومی ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا جس میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پینالٹی شوٹ آوٴٹس دیئے گئے جس میں اسے بھارت نے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہراکر سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

متعلقہ عنوان :