وزیراعلیٰ سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ایم بی اے میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے طالبعلم عرفان حسن کی ملاقات،پنجاب حکومت طالبعلم عرفان حسن کے پی ایچ ڈی کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرے گی،شہبازشریف ،آپ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کے باعث آپ کو ایم بی اے میں شاندار کامیابی ملی ہے، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی،کم وسائل ہونے کے باوجود آپ نے عزم او رہمت کی شاندارداستان رقم کی ہے،شہبازشریف ،ایک لاکھ روپے کا انعام دیا ،میں آپ کا بہت مداح ہوں ،آپ نے جس طرح سیلاب متاثرین کی مدد کی ہے ، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،عرفان حسن

پیر 6 اکتوبر 2014 06:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ایم بی اے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طالب علم عرفان حسن نے آج یہاں ملاقات کی -طالب علم عرفان حسن کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے -وزیراعلیٰ نے طالب علم عرفان حسن اور اس کے والدین کو ایم بی اے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباددی- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا س موقع پرطالب علم عرفان حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کے باعث آپ کو ایم بی اے میں شاندار کامیابی ملی ہے -میرا یقین کامل ہے کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور الله تعالیٰ بھی محنت کرنے والے کا ہاتھ تھام لیتاہے-یقینا ایم بی اے کے ا متحان میں آپ کی کامیابی اسی محنت کا ثمر ہے-آپ نے کم وسائل ہونے کے باوجود عزم او رہمت کی شاندارداستان رقم کی ہے اور آپ جیسے طالب علم ہی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں-آپ نے اپنی ہمت ،محنت ،لگن او رقابلیت کی بنا پر یہ مقام حاصل کیا ہے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت طالب علم عرفان حسن کے پی ایچ ڈی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی-اس موقع پر وزیراعلیٰ نے طالب علم عرفان حسن کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا -طالب علم عرفان حسن نے وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کا بہت مدا ح ہوں ،آپ نے جس طرح سیلاب متاثرین کی مدد کی ہے ، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،بلاشبہ جس محنت،عزم اور ہمت آپ عوام کی خدمت کر رہے ہیں میں اسے سلام پیش کرتاہوں-طالب علم عرفان حسن کے والد ین نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف حقیقی معنوں میں خادم پنجاب ہیں اور انہو ں نے آج ہمیں دعوت دے کر ہماری بہت حوصلہ افزائی کی ہے جس پرہم ان کے شکر گزار ہیں ۔