کراچی،عیدالاضحی کے موقع پر فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مذہبی جماعتوں کے 2 رہنماؤں سمیت 5 افراد جاں بحق

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں عیدالاضحی پر فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مذہبی جماعتوں کے 2 رہنماؤں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ حیدری کی حدود نارتھ ناظم آباد کے علاقے کوثر نیازی کالونی میں منگل کے روز موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے مولانا مسعود شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول اہلسنت والجماعت کے علاقائی رہنما تھے۔ اس واقعے کی اطلاع ملنے پر درجنوں کارکنان نجی اسپتال پہنچ گئے اور واقعہ کی خلاف احتجاج کیا۔ پولیس کے مطابق مولانا مسعود کو 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور انہیں جسم کے مختلف حصوں پر 6 گولیاں لگیں، میت کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تھانہ پیرآباد کی حدود قصبہ کالونی میں کٹی پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی

جس کے نتیجے میں 35 سالہ مولانا ساجد اللہ ولد سعادت اللہ جاں بحق اور ان کا ڈرائیور عبدالرحمن ولد ولایت شدید زخمی ہوگیا۔ مقتول کی اش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مولانا ساجد اللہ جمعیت علماء اسلام سائٹ ٹاؤن کے نائب امیر تھے۔

مقتول اسلامیہ کالونی کے رہائشی تھے اور ایل پی جی سلنڈر کا کاروبار کرتے تھے اس واقعہ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی۔ سچل گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ اللہ وسایا ہلاک اور شیراز زخمی ہوگیا۔ مقتول کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ لیاری کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے محمد اکرام کو ہلاک اور جاوید کو زخمی کردیا۔ مقتول کی لاش اور زخمی کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ تھانہ پی آئی بی کی حدود عیسیٰ نگری کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک بچی جاں بحق اور 25 سالہ شہلا زخمی ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :