بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان کی مشروط حامی بھر لی، آئی سی سی اپنے آفیشلز بھیجنے پر رضا مند ہو تو دورہ پاکستان کرنے کو تیار ہیں :ناظم الحسن سربراہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ،بنگلہ دیش کی مختلف لیولز کے ٹیموں کو دورہ پاکستان کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوہزار پندرہ کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں نے پاکستان کے دورہ میں دلچسپی ظاہر کی ہے، شہریار خان

جمعرات 9 اکتوبر 2014 08:46

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ آئی سی سی اپنے آفیشلز بھیجنے پر رضامند ہو تو دورہ پاکستان پر تیار ہیں۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ نے اپنے ملک میں پاکستان کو ہوم میچز کیلئے پیش کش کر دی۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے ڈھاکا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کے باعث کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر تحفظات ہیں تاہم پاکستانی ہم منصب شہریار خان کے ساتھ ملاقات میں دوسرے معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے سٹیڈیم متبادل وینیوز کے طور پر استعمال کرنے کی پیش کش کی ہے۔ اس سے دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔ دوسری جانب شہریار خان نے بنگلہ دیشی لیگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو نکالنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کی مختلف لیولز کے ٹیموں کو دورہ پاکستان کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوہزار پندرہ کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں نے پاکستان کے دورہ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔