وزیراعلیٰ شہباز شریف نے حافظ آباد اور چنیوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں عید کا دن گزارا،کوٹ سلیم میں نماز عید اداکی، بعض لوگ اقتدار میں چور دروازے سے داخل ہونا چاہتے ہیں، ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، میاں شہبازشریف، دھرنوں کے پیچھے غصہ، اقتدار کی لالچ اور ضد تینوں منفی جذبے کارفرما ہیں، عید کا دن قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ اکٹھا کرنے کا ہے، متاثرین کو کھاد اور بیج بھی دیں گے ، جن لوگو ں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے انہیں بھی مالی امداد دی جائے گی:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 9 اکتوبر 2014 08:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کا دن حافظ آباد اورچنیوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گزارا۔ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقے کوٹ سلیم میں متاثرین سیلاب کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے اور ان سے عید ملی۔

وزیراعلیٰ نے متاثرین سیلاب کے ساتھ قربانی کی اور ان میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مر نا عوام کے ساتھ ہے۔ آپ لوگوں کے ساتھ عید منا کر انتہائی مسرت ملی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور اس کی حکومت آپ کیلئے جو کچھ کر رہی ہے وہ آپ کا حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں کے پیچھے غصہ، اقتدار کی لالچ اور ضد تینوں منفی جذبے کارفرما ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان صاحب! آپ نے معیشت کا نقصان کر دیاہے۔ میری دردمندانہ اپیل ہے کہ ملک کے حال پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اقتدار میں چور دروازے سے داخل ہونا چاہتے ہیں، ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔دھرنوں سے ملکی معیشت کا جنازہ نکل گیا ہے اور عید کے موقع پر میں تمام سیاسی لیڈروں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ملک وقوم کی خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔

میری سیاسی اکابرین سے درخواست ہے کہ کہ وہ اپنی سیاسی دکانداری عوام کی بدحالی پر نہ چمکائیں اور غربت کی ماری بے حال قوم پر رحم کریں۔انہوں نے کہا کہ محنت،امانت اور دیانت وہ سکہ رائج الوقت ہے جس کو اپنا کر ہم اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دھرنے دینے والے کبھی بھی ملک و قوم کیلئے مخلص نہیں ہو سکتے ان کے اس اقدام کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا جس سے پاکستان کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا۔

اگر دھرنے والے اتنے ہی عوام سے مخلص ہوتے تو وہ آج اپنے ان متاثرہ بہن بھائیوں کیساتھ ہوتے، میں تو عید کے اس موقع پر آج بھی کہتا ہوں کہ تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ملک و قوم کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کیلئے تمام سیاسی لیڈروں کو متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔وزیراعلیٰ ضلع چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ کے رحمن کالونی موضع سلمان گئے اور متاثرین کے ساتھ مل کر قربانی کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کا دن قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ اکٹھا کرنے کا دن ہے۔ عید کا اصل پیغام دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا اور ان کی بے لوث خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں ناچ گانا کرنے والے مصیبت زدہ لوگوں کو فراموش کرنے کی بجائے ان کا ہاتھ تھامیں۔

دھرنے والے چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ یہ وقت گومگوں کی صورتحال سے نکلنے اور ترقی کی جانب بڑھنے کا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرہ افراد کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت سیاست نہیں صرف اور صرف خدمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگا کر فصلوں، گھروں اور مویشیوں کے نقصانات کے معاوضے کی دوسری قسط 20 اکتوبر سے ادا کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کو ادائیگی کے تمام عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، ہر حقدار کو حق مل کر رہے گا۔ سیلاب متاثرین نے حوصلے اور جرأت سے قدرتی آفت کا مقابلہ کیا ہے اور اب نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو کھاد اور بیج بھی دیں گے اور جن لوگو ں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے انہیں بھی مالی امداد دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے رحمن کالونی موضع سلمان میں مرکز صحت اور سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے چیئرمین پریس کلب مقتول یعقوب شہزاد امر کی بیوہ کیلئے5لاکھ روپے کی امدادکا اعلان کرتے ہوئے ڈی پی او کو ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزمان کوجلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔