لیونل میسی کی غلطی اور ڈیاگو ترڈیلی کے دو شاندار گولوں کی بدولت برازیل نے ورلڈ کپ فائنلسٹ ارجنٹینا کو دوستانہ میچ میں 2-0 سے چت کر دیا، ورلڈ کپ 2014 میں مایوس کن شکست کے بعد کوچ مقرر کیے گئے سابق برازیلین کپتان ڈونگا کی کوچنگ میں یہ برازیل کی لگاتار تیسری فتح

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:03

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء) لیونل میسی کی غلطی اور ڈیاگو ترڈیلی کے دو شاندار گولوں کی بدولت برازیل نے ورلڈ کپ فائنلسٹ ارجنٹینا کو دوستانہ میچ میں 2-0 سے چت کر دیا۔بیجنگ میں کھیلے گئے میچ میں اٹیلیٹکو مینیئرو کے اسٹرائیکر ڈیاگو نے 28ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کوبرتری دلائی جو ہاف تائم تک برقرار رہی۔ہاف ٹائم سے قبل 41ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کپتان اور اسٹار فٹبال کو گول برابر کرنے کا نادر موقع اس وقت میسر آیا جب ریفری نے برازیل کے خلاف پینالٹی ایوارڈ کی لیکن گول جیفرسن نے پینلٹی روک کر میسی کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

(جاری ہے)

کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملے جاری رکھے تاہم 64ویں منٹ میں ارجنٹینا کے خراب دفاع کے سبب ترڈیلی ایک بار پھر ڈی میں گھسنے میں کامیاب ہو گئے اور اس موقع کو گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلا دی۔جب ریفری نے میچ کے اختتام کی سیٹ بجائی تو اسکور بورڈ برازیل کی فتح کا اعلان کررہا تھا۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2014 میں مایوس کن شکست کے بعد کوچ مقرر کیے گئے سابق برازیلین کپتان ڈونگا کی کوچنگ میں یہ برازیل کی لگاتار تیسری فتح ہے اور اب تک انہیں کسی بھی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ان کے خلاف ایک بھی گول اسکور نہیں ہوا۔