میری جیت پورے ملتان کی جیت اور پورے پاکستان کی جیت ہوگی، جاوید ہاشمی،قومی اسمبلی میں جب ملتان کی آواز گونجتی ہے تو پورا پاکستان اور پورا جہان سنتا ہے کیونکہ ملتان ہی پاکستان کی شان ہے، اجتماعات سے خطاب

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:11

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء ) حلقہ این اے 149 ملتان سے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میری جیت پورے ملتان کی جیت اور پورے پاکستان کی جیت ہوگی،قومی اسمبلی میں جب ملتان کی آواز گونجتی ہے تو پورا پاکستان اور پورا جہان سنتا ہے کیونکہ ملتان ہی پاکستان کی شان ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ میں کئی کارنرز میٹنگز اور مختلف برادریوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو اللہ تعالیٰ کی رضا سے حضور کے امتی ،صحابہ کرام  و اہلبیت کے جانثار اور اولیاء اللہ کے غلام جاوید ہاشمی کی فتح یقینی ہوگی،ووٹر زز گھروں سے نکلتے وقت دو رکعت نفل اور درود شریف پڑھ کر گھروں سے نکلیں اور انتخابی نشان ”بالٹی،، پر مہر لگائیں،اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں اور متعدد برادریوں کے سرکردہ راہنماؤں نے اپنے سینکڑوں نوجوان ساتھیوں سمیت جاوید ہاشمی کی غیر مشروط حمائیت کا اعلان کیا، مرکزی الیکشن آفس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلمان ریاستیں اس وقت حالت جنگ میں ہیں، بھارت نے پہلے آبی جارحیت کی اور پاکستان کے غریب عوام کو سیلاب میں ڈبویا پھر پاکستانی سرحد پر گولہ باری کرکے بے گناہ اور نہتے پاکستانی شہریوں کو شہید کردیا،اسی طرح مقبوضہ کشمیر اورمظلوم فلسطینی عوام پر بھی ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،افغانستان کے بعد ایران پر بھی بیرونی تسلط جمانے کیلئے دباؤ بڑھایا جارہا ہے،مسلم ممالک کو خواب خرگوش کے مزے لینے کی بجائے متحد ہوکرصیہونی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا،

انہوں نے کہا کہ ہم ایک آزاد قوم ہیں اور بیرو نی جارحیت کبھی برداشت نہیں کریں گے،امریکہ قبائلی علاقوں میں فوری طور پر ڈرون حملے بند کرے اور عافیہ صدیقی کو رہا کیا جائے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے، دریں اثناء مقامی علمائے کرام سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے ،وزیراعظم میاں نواز شریف کو ملک میں شریعت محمدی کے نفاذ کیلئے اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ملک میں ہر غریب اور امیر سے یکساں سلوک ہو،کسی کالے کو گورے اور کسی گورے کو کالے پر فوقیت نہ ہو،غریبوں کو فوری اور سستا انصاف اور روز گار ملے،انہوں نے کہا کہ جب تک غریب کا چولہا نہیں جلے گااس ملک کی تقدیر نہیں بدلے گی،انتخابی نشان پانی کی بالٹی غریب آدمی کا نشان ہے،ہرن اور خرگوش کا بالٹی گوشت کھانے والے غریبوں کی محرومیوں کو نہیں سمجھتے،عوام بالٹی کے نشان پر مہر لگاکر ایسے لوگوں کو نشان عبرت بنادیں۔