ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج (12اکتوبر) فیصل آباد آئیں گے، دوپہر تین بجے فیصل آباد دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خصوصی خطاب کرینگے

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائدانقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج (12اکتوبر) فیصل آباد آئیں گے،یہاں وہ دوپہر تین بجے فیصل آباد دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خصوصی خطاب کرینگے۔ وہ اپنے خطاب کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے آئندہ جنرل انتخابات میں حصہ لینے کے سلسلہ میں پارٹی منشور پیش کریں گے۔

پاکستان عوامی تحریک ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے جلسہ عام کے لیے الگ الگ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،پاکستان عوامی تحریک کے دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ہونیوالے جلسہ عام کیلئے سیکورٹی پلان جاری کردیاگیا ہے،خبر رساں ادارے کے مطابق جلسہ کے حفاظتی انتظامات کے انچارج ایس ایس پی آپریشن امیرعبداللہ خان نیازی ہوں گے اور چار ایس پیز ، بارہ ڈی ایس پیز، دس انسپکٹرز، باون سب انسپکٹرز ، پچانوے اسسٹنٹ انسپکٹرز اور باون حوالداروں سمیت ایف سی کے 1023اہلکار حفاظتی انتظامات پر مامور ہوں گے ۔

(جاری ہے)

دھوبی گھاٹ کے قریب اونچی عمارتوں پر سپیشل شوٹر موجود ہوں گے جبکہ ایلیٹ فورس کی دس ٹیمیں امن وامان کے قیام کیلئے گشت کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں گی،علاوہ ازیں عوامی تحریک کے ترجمان کیمطابق جلسہ عام سے پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الٰہی ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ، مجلس وحدت المسلمین کے قائد علامہ راجہ ناصر عباس ، سابق وزیرخارجہ سردار آصف احمد علی ، سابق گورنر ملک غلام مصطفےٰ کھر، مسیحی کمیونٹی کی طرف سے سابق وفاقی وزیرجے سالک اور ملک پاکستان کے معروف سیاسی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے،۔

جلسہ عام کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے درجنوں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ادھرعوامی تحریک پاکستان نے اپنے فیصل آباد میں دھوبی گھاٹ کے مقام پرآج (اتوار کو) جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی عہدیداروں سے ملاقات میں ان سے تحریری طور پر بعض شرائط اور سٹیج کے نظم و نسق اور دیگر ضروری معاملات کی خود نگرانی کرنے اور جہاں جہاں انتظامیہ اور پولیس کی امداد کی ضرورت ہوگی وہاں انتظامیہ پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کے ساتھ تعاون کرے گی ۔

انتظامیہ نے یہ اقدام ملتان میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں افسوسناک واقعہ جس میں سات افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے تھے کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سے معاملات طے کئے ہیں ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور تحریک انصاف پنجاب کے صدر چوہدری اعجاز احمد نے اپنے تمام کارکنوں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی تحریک کے جلسے میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں اور اس کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے جلسہ کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے رہنما اور سابق ضلعی ناظم رانا زاہد توصیف کی صدارت میں بھی ایک اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ق)سے تعلق رکھنے والے سابق ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور ناظمین ، ٹاؤن ناظمین اور سابق یونین کونسلز کے ناظمین و نائب ناظمین کو کہا گیا کہ عوامی تحریک کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں جلسہ سے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی ، پاکستان سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ، سابق ضلعی ناظم رانا زاہد توصیف اور وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس اور دیگر مقررین خطاب کرینگے اس سلسلے میں شام فیصل آباد عوامی تحریک اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ریلی نکالی جس میں حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔