جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ پر چھٹی لینا حرام ہے ، سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:13

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء ) سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے، جس میں رخصت کے لیے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس جاری کرنے اور وصول کرنے کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق مفتی اعظم عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ ایسے میڈیکل پروفیشنلز جو اس طرح کے سرٹیفکیٹس جاری کرتے ہیں اور وہ ورکرز جو ان سرٹیفکیٹس کے لیے ان سے درخواست کرتے ہیں، دونوں گناہ گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان جعلی سرٹیفکیٹس کے نتیجے میں اداروں کو مالی طور پر نقصان پہنچتا ہے۔انسدادِ بدعنوانی کے سعودی کمیشن ’نزاھی‘ نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پر مفتی اعظم کی جانب سے یہ فتویٰ اس کو اس سال 7 ستمبر کو موصول ہوا تھا۔کمیشن کی جانب سے مفتی اعظم سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ اس معاملے پر اپنی رائے دیں، جس کے جواب میں انہوں نے یہ فتویٰ جاری کیا۔

(جاری ہے)

سائنسی ریسرچ کی قائمہ کمیٹی اور الافتاء نے تصدیق کی ہے کہ بیماری کی چھٹی کے لیے میڈیکل رپورٹ جاری کرنا، جب کہ متعلقہ فرد بیمار نہیں ہے، غیرقانونی ہے۔جبکہ اس فتوے میں اس عمل کو گناہ اور حرام قرار دیا گیا ہے۔نزاھی کا کہنا ہے کہ اس کو امید ہے کہ اس فتوے سے لوگوں میں اس مسئلے کے حوالے سے آگاہی پیدا ہوگی اور یہ فتویٰ ورکروں کو بدعنوانی اور غیرقانونی کاموں سے روکنے میں مدد دے گا۔