کراچی، ایک سیاسی جماعت کے اسلام آباد میں منعقدہ فلسفہ محبت کی تقریب کو نشریاتی اداروں کے براہ راست نہ دکھائے جانے پر نیوز چینل بند ،کیبل آپریٹرز کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش پر سندھ حکومت کا سخت ردعمل

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء)ایک سیاسی جماعت کی جانب سے جمعہ کو اسلام آباد میں منعقدہ فلسفہ محبت کی تقریب کو نشریاتی اداروں کی جانب سے براہ راست نہ دکھائے جانے پر ہفتہ کو کراچی میں تمام نیوز چینل کو بند کرادیا گیا ،کیبل آپریٹرز کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش پر سندھ حکومت کا سخت ردعمل ،صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ دھونس اور بندوق کے زور پر میڈیا کو یرغمال بنانے کی سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے کیبل آپریٹرز کو ایک سیاسی جماعت کی جانب سے تما م نیوز چینلزتاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ۔جس کے باعث کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔کیبل آپریٹر ذرائع کے مطابق جمعہ کواسلام آباد میں کتاب فلسفہ محبت کی تقریب رونمائی کو براہ راست کسی بھی چینل سے نشر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران نیوز چینل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بعد ازاں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے جلسوں کو براہ راست نشر کرتے رہے ۔

جس کے باعث کراچی میں ہفتہ کو تمام نیوز چینل کو بند کیا گیا ہے ۔دوسری جانب چینل کی زبردستی بندش پر سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں تمام نیوزز چینلز کوزبردستی بند کرانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کیبل آپریٹرز فوری طور پر تمام نیوز چینلز کھول دیں۔انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کو کسی سے بھی ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سندھ حکومت کیبلز آپریٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی ۔بعدازاں کیبل آپریٹرز نے کراچی میں نیوز چینلز کو 10 گھنٹے بند رکھنے کے بعد بحال کردیا ، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے ذرائع کے مطابق کسی بھی کیبل آپریٹرز کو نیوز چینل کی بندش کے لیے دباوٴ ڈالنے کی بیان کی تردید کی ہے۔

متعلقہ عنوان :