بھارت ، پان فروش کوبجلی کے محکمے نے 132 کروڑ روپے کابجلی کا بل بھجوا دیا

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:09

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع گوہانا کے ایک پان فروش کومحکمہ برقیات نے اکتوبر کا 132 کروڑ روپے کا بجلی کا بل بھجوا دیاجسے دیکھتے ہی اسکے ہوش اڑا گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے ضلع گوہانا کے ایک پان فروش راجیش سونی پت کو اس مرتبہ دیوالی کے موقع پر بجلی کے محکمے والوں نے زبردست جھٹکا دیا ہے، انہیں اکتوبر کے لیے 132 کروڑ روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یوں تو پاکستان میں بھی بجلی کے حد سے زیادہ بلوں کی شکایت عام ہے، لیکن ہندوستان میں تو گویا اس سلسلے میں ریکارڈ ہی توڑ دیا گیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجیش کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کا یہ بل دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا نہیں تھا کہ یہ رقم صرف اعداد میں غلط لکھی تھی، بلکہ الفاظ میں بھی یہی رقم لکھی تھی۔راجیش کا کہنا ہے کہ میں عام آدمی ہوں اور کرائے کی دکان میں یہ کاروبار کرتا ہوں۔ میں صرف ایک بلب اور پنکھا چلاتا ہوں۔ عام طور پر یہ بل ایک ہزار روپے سے کم آتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپریل، 2007 ء میں ہریانہ کا بجلی محکمہ اس سے بھی بڑا ریکارڈ قائم کرچکا ہے، اس وقت دو کمرے کے گھر کا بجلی کا بل 234 کروڑ روپے بھیجا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :