دبئی ٹیسٹ چوتھا دن پاکستانی بیٹسمین اور باؤلرز کے نام رہا ،احمد شہزاد اور یونس خان کی شاندار سنچریوں کے بعد ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ نے کینگروز کے ہوش اڑا دیئے ، احمد شہزاد کے 131 اور یونس خان کے 103رنز کی بدولت پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 286رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی ، ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی 2,2وکٹیں ،آسٹریلیا کے سامنے 438کا ہدف پہاڑ بن گیا ،59رنز پر 4وکٹیں گر گئیں، پہلی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے وارنر صرف 29رنز بنا سکے جبکہ کپتان کلارک پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی صرف 3رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، آسٹریلیا کو مزید 379رنز درکار ، گرین شرٹس کو فتح کیلئے آخری دن 6وکٹیں درکار

اتوار 26 اکتوبر 2014 08:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء) دبئی ٹیسٹ احمد شہزاد اور یونس خان کے بعد یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے کینگروز کے ہوش اڑا دیئے ، پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 286رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی آسٹریلیا کو 438رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ،59رنز پر 4وکٹیں گنوا دیں ، مصباح الیون فتح کیلئے پرامید ۔

دبئی میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے آغاز کیا تو احمد شہزاد 22اور اظہر علی 16رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے 71رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب اظہر علی 30رنز بنا کر اوکیفی کی بال پر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ ہوئے جس کے بعد یونس خان اور احمد شہزاد نے آسٹریلیا کی خوب دھنائی کی اور 168رنز کی پارٹنر شپ قائم کی 239رنز پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 131رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اوکیفی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔

(جاری ہے)

یونس خان نے 152بالز کا سامنا کیا اور 6 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے آسٹریلیا کیخلاف 26ویں اور ٹیسٹ اننگز میں دوسری سنچری بناکرانضمام الحق کا 25سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 286رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی اور آسٹریلیا کو 438رنز کا ہدف دیا یونس خان103اور سرفراز احمد 15رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا نے 438رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے آسٹریلوی بلے بازوں کا خواب چکنا چور کردیا آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 44رنز پر گری جب پہلی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے وارنر 29رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی بال پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے اسی اوور کی آخری بال پر دولان بغیر کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے 49رنز پر آسٹریلیا کی تیسری وکٹ گری جب کپتان کلارک صرف 3رنز بنا کر یاسر شاہ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے کلارک نے پہلی اننگز میں بھی صرف 2رنز بنائے تھے اس کے بعد آنے والے بیٹسمین لیون بھی کھاتا کھولے بغیر یاسر شاہ کا نشانہ بن گئے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 59رنز بنا لئے تھے راجرز 30اور سمتھ 3رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔